قصیم میں 80 لاکھ درختوں سے کھجوریں اتارنے کی تیاریاں
قصیم میں 80 لاکھ درختوں سے کھجوریں اتارنے کی تیاریاں
ہفتہ 29 مئی 2021 18:00
کھجوروں کی پیداوار میں سعودی عرب دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے قصیم ریجن میں کھجوروں کی فضل پکنے لگی ہے۔ یہاں ان دنوں 80 لاکھ سے زیادہ درختوں سے کھجوریں اتارنےِ، درجہ بندی کرنے، مارکیٹ پہنچانے اور درآمد کنندگان کے حوالے کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق القصیم کا علاقہ نخلستانوں کے لیے مشہور ہے۔ یہاں کھجوروں کے کاشتکار 38 سے زیادہ اقسام کی کھجوریں تیار کرتے ہیں۔
قصیم ریجن کے گورنر معیاری کھجوروں کی پیداوار اور کھجوروں کی بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنا حصہ زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لیے اعلی درجے کی کھجوریں تیار کرنے والے کاشتکاروں کو انعامات بھی دیتے ہیں۔
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کھجوروں کے باغات کو مختلف قسم کی بیماریوں سے بچانے اور کھجوروں کا معیار بلند کرنے کے لیے ضروری مشورے اور سہولتیں فراہم کررہی ہے۔
قصیم کی کھجوریں سعودی عرب سمیت خلیج کے تمام ملکوں میں اعلی درجے کی مانی جاتی ہیں۔ کھجوروں کی پیداوار میں سعودی عرب پوری دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ مملکت میں کھجوروں کی کل پیداوار کا 25 فیصد تیار ہوتا ہے۔
سعودی عرب سالانہ 1.07 ملین ٹن کھجوریں تیار کررہا ہے۔ ایک لاکھ 72 ہزار ہیکٹر کے رقبے میں نخلستان پائے جاتے ہیں۔ ایک ہیکٹر سے 6.2 ٹن کھجور کی پیداوار ہے۔
قصیم کے مختلف علاقوں میں کھجوروں کے بازار لگتے ہیں۔ قصیم کے دارالحکومت بریدہ کا کھجور میلہ سب سے بڑا مانا جاتا ہے۔