سکیم سٹیٹ بینک کی جانب سے متعارف کروائی جا رہی ہے (فوٹو: اے پی پی)
سٹیٹ بینک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے روشن اکاؤنٹ اور اپنی کار کے بعد پاکستان میں سستے قرضوں پر اپنا گھر خریدنے کی ایک سکیم متعارف کروا رہا ہے جسے ’روشن اپنا گھر سکیم‘ کا نام دیا جائے گا۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے سٹیٹ بینک کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ’اس سکیم کے تحت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اپنے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستان میں کسی بھی جگہ گھر خرید سکیں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’مختلف بینکوں کے ساتھ اس حوالے سے بات کی گئی ہے جس کے نتیجے میں یہ طے پایا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے گھر کے لیے پرائیویٹ بینک آسان قرضہ دیں گے اور کچھ خصوصی سہولیات بھی دی جائیں گی جو صرف اوورسیز پاکستانیوں کو میسر ہوں گی۔‘
اس حوالے سے سکیم کا باقاعدہ افتتاح اسی ہفتے متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جس طرح روشن اپنی کار سکیم کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یہ خصوصی رعایت دی گئی تھی کہ کار کی ڈیلیوری جلدی ہوتی تھی او شرح سود بھی کم تھی اس نئی سکیم کے تحت بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اضافی رعایتوں کے لیے بینکوں کو آمادہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سکیم کے باقی خدوخال جلد ہی عوام سے شیئر کر دیے جائیں گے۔‘
اس سے قبل حکومت نے اپریل میں ’روشن اپنی کار‘ سکیم شروع کی تھی جس کے تحت روشن ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی شہری اب بیرون ملک رہتے ہوئے پاکستانی بینکوں سے ڈیجیٹل طریقے سے گاڑی خرید سکتے ہیں اور انہیں بینک کم شرح سود پر قرضہ فراہم کرتے ہیں۔
اس سکیم کے تحت نہ صرف سمندر پار پاکستانیوں کو یہ سہولت دی گئی کہ بینکوں سے کار خرید سکیں بلکہ ایسا کرنے پر انہیں وہ اضافی سہولیات بھی دی جا رہی ہیں جو پاکستان سے گاڑی خریدنے والوں کو بھی نہیں ملتیں، مثلاً پاکستان میں گاڑی خریدتے وقت بینک کو جو منافع یا سود ادا کرنا پڑتا ہے روشن اپنی کار کے تحت اس سے کم شرح رکھی گئی ہے۔ اس طرح اگر پاکستان میں گاڑی بکنگ کے بعد تین ماہ میں ملتی ہے تو اس سکیم کے تحط ڈیڑھ ماہ میں ملتی ہے۔ اسی طرح اس سکیم کے تحت گاڑی کی انشورنس بھی کم رکھی گئی ہے۔
اس سے قبل روشن اکاؤنٹ سکیم شروع کی گئی تھی جس کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی گھر بیٹھے پاکستانی بینکوں میں اپنا اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں جس میں فارن کرنسی جمع کروائی جا سکتی ہے اور پاکستان میں یوٹیلٹی بلز، فون کارڈرز سمیت بینک کی تمام سہولیات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس سکیم کو پاکستانیوں میں بہت پزیرائی ملی اور سٹیٹ بینک کی ویب سائٹ کے مطابق اب تک 11 ماہ میں 175 ممالک سے تقریباً دو لاکھ پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولا۔ بدھ تک ان اکاؤنٹس میں جمع کروائی گئی رقم تقریباً دو ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔