بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ’روشن اپنی کار‘ سکیم کیا ہے؟
بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ’روشن اپنی کار‘ سکیم کیا ہے؟
ہفتہ 1 مئی 2021 10:49
وسیم عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ’روشن اپنی کار‘ سکیم لانچ کی (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستان میں اپنے عزیزوں کے لیے گاڑی خریدنے کی سکیم ’روشن اپنی کار‘ لانچ کی ہے۔
سکیم کے تحت روشن ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی شہری اب بیرون ملک رہتے ہوئے پاکستانی بینکوں سے ڈیجیٹل طریقے سے گاڑی خرید سکیں گے۔
گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کے مطابق ’اس طرح سے خریدی گئی گاڑی کی نہ صرف ڈیلیوری جلدی ہو گی بلکہ اس کی شرح سود بھی کم ہو گی۔‘
اس سلسلے میں پاکستان میں تمام کاریں بنانے والی کمپنیوں سے بات چیت کر لی گئی ہے اور جمعے کو متعدد بینکوں کی ویب سائٹس پر اس حوالے سے فارم بھی دستیاب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
روشن اپنی کار سکیم کیا ہے؟
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے سٹیٹ بینک کے ترجمان عابد قمر نے بتایا کہ ’کچھ عرصہ قبل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے وہیں سے پاکستان میں اکاؤنٹ کھولنے کی سکیم شروع کی گئی تھی جسے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا نام دیا گیا تھا۔ اس سکیم کو بے حد پزیرائی ملی ہے اور اب تک اس کے ذریعے ایک ارب امریکی ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجی جا چکی ہیں۔‘
ان کے مطابق ’ان اکاؤنٹس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے حکومت نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے کار سکیم لانچ کی ہے۔ جس کے تحت بیرون ملک رہتے ہوئے بھی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہولڈر بینک فائنانسنگ کے ذریعے اپنے پیاروں کے لیے ایسے ہی کار حاصل کر سکتے ہیں جس طرح پاکستان میں بینک سے قسطوں پر کار حاصل کی جاتی ہے۔‘
اس سکیم کے تحت نہ صرف سمندر پار پاکستانیوں کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ بینکوں سے کار خرید سکیں بلکہ ایسا کرنے پر انہیں وہ اضافی سہولیات بھی دی جا رہی ہیں جو پاکستان سے گاڑی خریدنے والوں کو بھی نہیں ملتیں۔ مثلا پاکستان میں گاڑی خریدتے وقت بینک کو جو منافع یا سود ادا کرنا پڑتا ہے روشن اپنی کار کے تحت اس سے کم شرح رکھی گئی ہے۔ اس طرح اگر پاکستان میں گاڑی بکنگ کے بعد تین ماہ میں ملتی ہے تو اس سکیم کے تحط ڈیڑھ ماہ میں ملے گی۔ اسی طرح اس سکیم کے تحت گاڑی کی انشورنس بھی کم کی جائے گی۔
سٹیٹ بینک کے ترجمان کے مطابق ’اس سلسلے میں کاریں بنانے والی کمپنیوں اور انشورنس کمپنیوں نے بھی تعاون کیا ہے۔‘
سکیم کے لیے کیسے اپلائی کیا جائے؟
ایسے پاکستانی جنہوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں وہ اپنے بینک یا کسی دوسرے بینک کی ویب سائٹ سے براہ راست ’روشن اپنی کار‘ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔
جمعے کو متعدد بینکوں نے آپشنز اور معلومات اپنی ویب سائٹس پر ڈال دی تھیں۔ آپ اس اس سکیم کے تحت فائنانسگ کا طریقہ کوئی بھی رکھ سکتے ہیں یعنی روایتی یا اسلامی بینکنگ دونوں دستیاب ہیں۔
سکیم کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی بیوی یا بیٹے کے نام پر کار کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔
ایک بڑے بینک کی ویب سائٹ کے مطابق اہلیت کی شرائط یہ ہیں کہ خلیجی ممالک میں رہنے والوں کی کم سے کم ماہانہ آمدنی دس ہزار درہم کے برابر اور امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا وغیرہ کے لیے آمدنی تین ہزار ڈالر کے برابر ہو۔
اس کے علاوہ خریدنے والے کی کریڈیٹ ہسٹری صاف ہو یعنی کسی بینک وغیرہ کے نادہندہ نہ ہوں۔
مطلوبہ دستاویزات میں قومی شناختی کارڈ یا نائیکوپ، سوشل سیکورٹی کارڈ یا اقامہ کے علاوہ آمدنی کی دستاویزات شامل ہیں۔ کم سے کم ڈاؤن پے منٹ پندرہ فیصد تک ہے۔