بیرون ملک پاکستانی اب کم شرح سود پر گاڑی آن لائن خرید سکیں گے: سٹیٹ بینک
جمعرات 29 اپریل 2021 11:01
گورنر سٹیٹ بین کے مطابق گاڑی کی خریداری کے لیے تین تین ماہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر کا کہنا ہے کہ روشن ڈیجیٹل کے پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی شہری اب باہر سے بیٹھ کر ڈیجیٹل طریقے سے گاڑی خرید سکیں گے اور اس میں شرح سود بھی کم ہو گی۔
جمعرات کو اسلام آباد میں ’روشن اپنی کار‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے بتایا کہ روشن اپنی کار سکیم کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کو سہولیت دی جائے گی کہ وہ اپنی فیملی ممبر کے لیے باہر سے بیٹھ کر ڈیجیٹل طریقے سے گاڑی خرید سکیں۔
انھوں نے بتایا کہ ’گاڑی کی خریداری کے لیے شرح سود بھی کم ہو گی اور گاڑی کے انتظار کا وقت بھی آدھا ہو گا اور تین تین ماہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔‘
گورنر سٹیٹ بینک کے مطابق اس سلسلے میں کار بنانے والی کمپنیوں نے بھی تعاون کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ اہم سروس جو لانچ کی جا رہی ہے وہ روشن سماجی خدمت ہے۔ اس سروس کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی روشن ڈیجیٹل پورٹل پر ملک میں سماجی خدمت کے شعبے میں تعاون کر سکتے ہیں اور یہ ایک بٹن کی دوری پر ہو گا۔
گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے مزید بتایا کہ احساس پروگرام، ہسپتالوں کو ’روشن سماجی خدمت‘ کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روشن سماجی خدمت وزیراعظم کے وژن کا عکاس ہے۔
انھوں نے بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں مزید آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ صرف ایک پورٹل پر کوشش ہے کی مزید خدمات جیسے رئیل سٹیٹ کی خریداری بھی فراہم کی جائے۔ اس سلسلے میں نوجوانوں سے تجاویز مانگی گئی ہیں۔
’بیرون ملک مقیم پاکستانی پیسے دیں، ڈیجیٹل کام ہو۔ احساس کے ساتھ ہسپتالوں کے ساتھ مل کر آسان راستہ بنایا کہ روشن ڈیجیٹل پورٹل سے ایک بٹن سے اچھے کام کر سکیں گے۔ آج سے یہ سب روشن ڈیجیٹل کے پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ موجود حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ٹیکس کے نظام کو بہتر کیا۔