Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان کے سابق وزیر جرمنی میں ’پیزا ڈیلیوری بوائے‘ بن گئے

احمد شاہ سادات نے دسمبر 2020 میں افغانستان میں حکومتی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا (فائل فوٹو: افغان وزارت مواصلات)
افغانستان کے سابق وزیر مواصلات سید احمد شاہ سادات نے جرمنی میں فوڈ ڈیلیوری کا کام شروع کردیا ہے۔ 
جرمنی کے اخبار لیپ زگ پیپلز ڈیلی (ایل وی زیڈ) کی ایک رپورٹ کے مطابق سابق افغان وزیر مشرقی جرمنی کی ریاست سیکسونیا کے شہر لیپ زگ میں پیزا ڈیلیوری کا کام کرتے ہیں۔
اخبار کے مطابق احمد شاہ سادات دسمبر 2020 سے جرمنی میں مقیم ہیں اور وہ سائیکل پر گاہکوں کو پیزا ڈیلیور کرتے ہیں۔
لیپ زگ پیپلز ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق سابق افغان وزیر کا کہنا ہے کہ ’وہ اب سادہ زندگی گزار رہے ہیں۔‘
انہوں نے دسمبر 2020 میں افغانستان میں حکومتی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
سابق افغان وزیر کا کہنا تھا کہ ’افغانستان میں اشرف غنی کی حکومت کے بعض اداروں نے ان پر استعفیٰ دینے کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔‘
سید احمد شاہ سادات نے بتایا کہ ’غیر ملکی افواج کے انخلا کی تاریخ قریب آنے، طالبان کی پیش قدمی اور ان کے ملک پر ممکنہ کنٹرول کے خطرے کے پیش نظر کئی اعلٰی حکومتی عہدیدار افغانستان سے فرار کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔‘

سابق افغان وزیر نے حکومتی عہدیداروں پر کرپشن کا بھی الزام لگایا اور کہا کہ ’حکومتی عہدیدار ان کی وزارت کے بجٹ پر بھی ہاتھ ڈالنا چاہتے تھے۔‘ 
احمد شاہ سادات نے الزام عائد کیا کہ ’افغانستان میں اشرف غنی کی حکومت کے عہدیداروں نے وزارتوں کے سرکاری بجٹ میں لوٹ مار کرکے رقم بیرون ملک منتقل کرنے کی کوشش کی۔‘

شیئر: