سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور کویتی ولی عہد شیخ مشعل الصباح نے منگل کو قصر یمامہ ریاض کے ایوان شاہی میں ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر کویتی ولی عہد نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام امیر کویت شیخ نواف الصباح کا دستی مکتوب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حوالے کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت آمد پر کویتی ولی عہد اور ہمراہی وفد کو خوش آمدید کہا جبکہ کویتی ولی عہد نے سعودی عرب کے دورے اور ولی عہد سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دونوں برادر ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات، مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے طریقوں اور باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
علاوہ ازیں علاقائی و بین الاقوامی حالات اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی ولی عہد کی معاونت کے لیے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد، کویت میں سعودی سفیر شہزادہ سلطان بن سعد، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور سعودی وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر مساعد العیبان موجود تھے۔

کویتی ولی عہد کی معاونت کے لیے مشیر ایوان ولی عہد ضاری العثمان ، وزیر پٹرولیم و وزیراعلی تعلیم ڈاکٹر محمد الفارس، وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد الصباح، وزیر داخلہ شیخ سامر الصباح، ڈائریکٹر دفتر ولی عہد جمال الذیاب، سیکریٹری خارجہ مازن العیسی، اور سعودی عرب میں متعین کویتی سفیر شیخ علی الصباح شریک ہوئے۔
یاد رہے کہ کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح منگل کو اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔
ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کویت کے ولی عہد کا خیرمقدم کیا ہے۔
#فيديو | سمو #ولي_العهد يتسلم رسالة خطية لخادم الحرمين الشريفين من أمير #الكويت ويعقد اجتماعاً مع سمو ولي العهد الكويتي.#ولي_عهد_الكويت_في_الرياض#واس pic.twitter.com/dQSiwX6Exi
— واس الأخبار الملكية (@spagov) June 1, 2021