تیونس میں سعودی سفیر عبدالعزیز بن علی الصقر، تیونس کے وزیر خارجہ عثمان الجیرندی، تیونس کے وزیر صحت علی مرابت اور تیونس کے ایوان صدر کے مشیر ولید الحجم نے تیونس پہنچنے پر امدادی سامان وصول کیا۔
تیونس کے وزیر خارجہ عثمان الجیرندی نے سعودی عرب سے طبی امداد کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔
عثمان الجیرندی نے کہا کہ تیونس کے رہنما اور عوام اس نازک موڑ پر سعودی عرب کی طرف سے اس قسم کے تعاون کی بہت تعریف کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ امداد دس لاکھ خوراکوں کا حصہ ہے جو کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت کے تحت تیونس کو بھیجی گئی ہے۔
تیونس کے وزیر صحت علی مرابت نے کہا کہ سعودی عرب ان پہلے ممالک میں شامل تھا جس نے تیونسی عوام کو کورونا کی وبا کا سامنا کرنے میں مدد کی تھی۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب کی مہربانی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرے گی اور تعاون اور یکجہتی کی اقدار کو مضبوط کرے گی۔
یاد رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کو ہدایت کی تھی ہے کہ تیونس کو میڈیکل آکسیجن اور کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے درکار دیگر تمام لوازمات ہنگامی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں۔
شاہ سلمان نے اس سے قبل تیونس کے صدر سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے اطمینان دلایا تھا کہ ’سعودی عرب چاہتا ہے کہ تیونس امن و استحکام رہے اور وہ درپیش صحت بحران سے نمٹ سکے‘۔
شاہی ہدایات پر تیونس کے لیے تین ہزار آکسیجن سلنڈر، پانچ آکسیجن جنریٹر تیونس کے پانچ ہسپتالوں کو بھیجے گئے ہیں۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 69 ممالک میں مختلف قسم کے 1705 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.43 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں3.53 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 363 ملین ڈالر، شام میں 305 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 203 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔