سعودی عرب کی طرف سے تیونس کو کورونا ویکسین کی مزید 5 لاکھ خوراکیں
مملکت نے تیونس کو دس لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔( فوٹو اخبار 24)
تیونس میں سعودی سفارتخانے نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی مزید 5 لاکھ سے زیادہ خوراکیں تیونس پہنچ گئی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ اب تک سعودی عرب کی طرف سے تیونس کو ایسٹرازینکا ویکسین کی کل چھ لاکھ خوراکیں بھیجی جاچکی ہیں۔
یاد رہے کہ مملکت نے تیونس کو دس لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہوا ہے۔
سعودی سفارتخانے نے بیان میں مزید کہا کہ ایسٹرازینکا بنانے والی کمپنی تمام خوراکیں براہ راست تیونس پہنچا رہی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے ایسٹرازینکا کمپنی سے یہی معاہدہ کیا ہوا ہے تاکہ خوراکوں کی ترسیل میں تاخیر نہ ہو اور تیونس کی ضرورت پہلی فرصت میں پوری ہوسکے۔
سفارتخانے نے بیان میں مزید کہا کہ سعودی عرب آئندہ ایام کے دوران تیونس کو مزید طبی سازوسامان فراہم کرے گا تاکہ کورونا وبا کے مسائل سے آسانی سے نمٹا جاسکے۔
یاد رہے کہ تیونس کے لیے طبی سازوسامان شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر بھیجا جارہا ہے۔
سعودی عرب تیونس کو اطمینان دلا چکا ہے کہ کورونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں جو مدد درکار ہوگی وہ مہیا کی جائے گی۔