سعودی عرب ہر سطح پر عراق کی حمایت کرتا ہے: شہزادہ فیصل بن فرحان
سعودی عرب ہر سطح پر عراق کی حمایت کرتا ہے: شہزادہ فیصل بن فرحان
ہفتہ 28 اگست 2021 19:03
سعودی وزیر خارجہ بغداد کانفرنس میں شرکت کے لیے عراق پہنچے ہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کی قیادت نے ہر سطح اور مختلف فورمز میں عراق کی حمایت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے‘۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو بغداد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’ سعودی عرب ،عراق کی سلامتی اور استحکام کے فروغ، اداروں اور ثمرات کے تحفظ کے لیے مسلسل کام کرتا رہے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ سعودی عرب خطے میں دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے عراق اور اتحادی ممالک سے تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔ داعش کی باقیات کا مقا بلہ کرنے کے لیے عالمی اتحاد کے ساتھ تعاون پرعراق کی کوششوں کی حما یت کرتے ہیں‘۔
سعودی وزیر خارجہ نے مسلح ملیشیاوں کے ہاتھ لگنے والے ہتھیاروں پر کنٹرول کے لیے عراقی حکومت کے اقدامات کو بھی سراہا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ ’خطے میں انتہا پسندی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب اور عراق یکساں موقف رکھتے ہیں اور سعوی عرب اس سلسلے میں عرا ق کے ساتھ کھڑا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب بین الاقوامی اور علاقائی تنازعات کو بات چیت کے ذریعے طے کرنے کا حامی ہے‘۔
وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سعودی عراقی رابطہ کونسل کی کامیابیوں اور مشترکہ سرمایہ کاری فنڈ کو سراہا جس کا تخمینہ تین ارب ڈالر ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سنیچر کو بغداد کانفرنس برائے تعاون و شراکت داری میں شرکت کے لیے عراق پہنچے ہیں جس کا مقصد خطے میں علاقائی کشیدگی کو کم کرنا ہے۔
بغادا ایئر پورٹ پر شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے وفد کا عراقی وزیر خارجہ فواد محمد حسین اور عراق میں سعودی سفیر نے خیر مقدم کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے۔
عراقی وزیراعظم نے کانفرنس کے لیے آمد پر بغداد کے صدارتی محل میں سعودی وزیر حارجہ کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور نائب وزیر دفاع شہزاہ خالد بن سلمان کی طرف سے عراقی وزیراعظم، حکومت اورعراقی عوام کےلیے نیک خواہشات کاپیغام پہنچایا۔
عراقی وزیر اعظم نے بھی شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد اور سعودی عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
ملاقات کے دوران سعودی عرب اور عراق کے درمیان تعلقات کے مختلف پہلووں، دونوں ملکوں کے عوام کے مفادات میں انہیں سپورٹ اور فروغ دینے کے لیے مختلف طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی وزیر خارجہ اور عراقی ہم منصب ڈاکٹر فواد محمد حسین سے ملاقات میں کئی علاقائی اور بین الاقوامی امور پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔