Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ میں فائزر کی کورونا ویکسین سے ہلاکت کا پہلا کیس

نیوزی لینڈ میں فائزر کی میڈیا ٹیم نے تبصرے کے لیے ای میل کی گئی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا (فوٹو: روئٹرز)
نیوزی لینڈ میں کورونا ویکسین فائزر سے ہلاکت کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ معلومات نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے ایک غیر جانبدار کورونا ویکسین سیفٹی مانیٹرنگ بورڈ کے ایک خاتون کی ویکسین لگوانے کے بعد موت کے جائزے کے بعد جاری کی ہیں۔
تاہم وزارت صحت کی جانب سے اپنے بیان میں خاتون کی عمر نہیں بتائی۔
وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بورڈ کے مطابق خاتون کی موت کی وجہ مایوکارڈائٹس کی وجہ سے ہوئی، جو فائزر کی کورونا ویکسین کا نہایت ہی کم ہونے والا سائیڈ افیکٹ ہے۔‘
مایوکارڈائٹس دل کے پٹھوں کی سوزش ہے جو عضو کی خون کو پمپ کرنے کی صلاحیت کو محدود کر سکتی ہے اور دل کی دھڑکن کی تال میں تبدیلی لاتی ہے۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’نیوزی لینڈ میں یہ پہلا کیس ہے جہاں ویکسینیشن کے بعد موت کو فائزر کی کورونا ویکسین سے جوڑا گیا ہے۔‘
نیوزی لینڈ میں فائزر کی میڈیا ٹیم نے تبصرے کے لیے ای میل کی گئی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔
نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے مزید کہا ہے کہ ’کیس مزید تحقیقات کے لیے آگے بھیج دیا گیا ہے جب کہ ابھی تک موت کی وجہ کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔‘
تاہم بورڈ کے مطابق مایوکارڈائٹس شاید ویکسینیشن کی وجہ سے تھا۔

شیئر: