ٹی 20 سیریز: بنگلہ دیش نے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو چار رنز سے ہرا دیا
بدھ کو بنگلہ دیش نے اوپننگ میچ سات وکٹوں سے جیتا تھا (فوٹو کرک انفو)
بنگلہ دیش نے ڈھاکہ میں ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو چار رنز سے ہرا دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس فتح کے ساتھ بنگلہ دیش کو سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 140 رنز بنائے۔
اوپنر محمد نعیم نے 39 رنز بنائے۔ محمد نعیم اور لٹن داس نے چھ اوورز میں 59 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
جواب میں نیوزی لینڈ ٹیم پانچ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 137 رنز ہی بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے 65 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ نے ہدف کا تیز تعاقب مستفیذ الرحمن کے آخری اوور میں کیا جس میں اسے جیر کے لیے 20 رنز کی ضرورت تھی۔ مستفیذ الرحمن نے سات رنز ایکسڑا کے دیے لیکن نیوزی لینڈ ٹارگٹ پورا نہ کر سکی۔
میچ کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ ’یہ آخری اوور تک بہت اچھا کھیل رہا۔ میرے خیال میں ہم نے پچھلے میچ سے کچھ سیکھا اور اسے آخری اوور تک لے کر گئے اور جیت کا موقع بھی تھا۔‘
محمد اللہ کا کہنا تھا کہ انہیں آخری اوور میں مستفیذ الرحمن کی بولنگ پر اعتماد تھا۔ ’انہوں نے آخری اوور تک اپنے حواس پر قابو رکھا۔‘
خیال رہے پہلا میچ بدھ کو بنگلہ دیش نے سات وکٹوں سے جیتا تھا۔ اس سیریز کا تیسرا میچ اتوار کو ہو گا۔