ہدایت نامے کے مطابق یکم اکتوبر سے ہوائی سفر کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے جس کے بعد مسافر بغیر ویکسینیشن کے فضائی نہیں کر سکیں گے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ 17 سال سے کم عمر افراد اور مریضوں کو کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ ہوگا۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ مریضوں کو استثنیٰ سے متعلق معالج کا میڈکل سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آنے اور جانے والے مسافروں کے لیے سفر سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کی شرط برقرار رہے گی جب کہ بیرون ملک جانے اور آنے والے مسافروں کے پاکستان کے ایئرپورٹس پر ریپڈ ٹیسٹ ہوں گے۔
سی اے اے نے تمام ائیرلائنز کو نئی ہدایات پر سختی سے عمل کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا ویکسین کے حوالے سے نئی گائیڈ لائن جاری کر دی ہے۔
سنیچر کے روز این سی او سی کی جانب سے ٹوئٹر بیان میں کہا گیا کہ ’ایسے تمام افراد جن کی ویکسین کی دوسری خوراک کا وقت ہو چکا ہے وہ موبائل پر میسج کا انتظار کیے بغیر ویکسین کی دوسری خوراک لگوا سکتے ہیں۔‘
’ایسے افراد ہفتے کے ساتوں دن کسی بھی ویکسینیشن سینٹر سے ویکسین کی خوراک لگوا سکتے ہیں۔‘ این سی او سی نے مزید کہا ہے کہ ’اتوار کا دن خصوصی طور پر کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔‘
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 64 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3 ہزار 980 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ اس عرصے کے دوران 79 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک 11 لاکھ 71 ہزار 500 سے زائد مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ 26 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔