Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئر عربیہ اور لیکسن گروپ کی سستی ایئرلائن ’فلائی جناح‘

ایئر لائن کو جلد ہی ایئر آپریٹنگ سرٹیفکیٹ مل جائے گا (فوٹو: ایئر عربیہ ٹوئٹر)
پاکستان کے مقامی کاروباری گروپ لیکسن اور متحدہ عرب امارات کے ایئر عربیہ گروپ نے پاکستان کی ’سب سے پہلی‘ سستی ایئرلائن ’فلائی جناح‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایئر عربیہ گروپ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئی ایئرلائن لیکسن گروپ اور ایئر عربیہ کا مشترکہ پراجیکٹ ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلائی جناح پاکستان سے مقامی اور بین الاقوامی روٹس پر مسافروں کو خدمات فراہم کرے گا۔
لیکسن گروپ کے چیئرمین اقبال علی لاکھانی کا کہنا تھا کہ ’ہم ایئر عربیہ کے ساتھ پاکستان کی نئی سستی ایئرلائن شروع کرنے پر پرجوش ہیں۔ فلائی جناح پاکستان کی ٹریول اور ٹورازم انڈسٹری کی خدمت کرے گی اور ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ شراکت داری پاکستان کے ایئر ٹرانسپورٹ سیکٹر کی ترقی کو سپورٹ کرے گی۔ ایئر عربیہ کا ٹریک ریکارڈ بہت اچھا ہے اور ہم نئی ایئر لائن کو شروع کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘
ایئر عربیہ کے چیئرمین شیخ عبداللہ بن محمد الثانی نے کہا کہ ’ہم لیکسن گروپ کے ساتھ مل کر پاکستان کی نئی سستی ایئر لائن شروع پر خوش ہیں۔ ہمیں اعتماد ہے کہ فلائی جناح پاکستان کے ایئر ٹرانسپورٹ سیکٹر میں اچھا اضافہ کرے گی، اور اس سے نوکریاں پیدا ہوں گی اور سیاحت میں بہتری آئے گی۔‘
’ہم لیکسن گروپ اور حکومت پاکستان کے اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ایئر عریبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ان کی شراکت داری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’میری حکومت پاکستان میں تیزی سے پھلتے پھولتے سفر اور سیاحت کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے لیے پرعزم ہے، پاکستان میں سیاحت کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔‘
 فلائی جناح ابتدا میں کراچی سے آپریٹ کرے گی اور پاکستان میں مختلف روٹس پر اپنی سروس فراہم کرے گی۔ ایئرلائن بعد میں انٹرنیشنل پروازیں بھی شروع کرے گی۔
ایئر لائن کو جلد ہی ایئر آپریٹنگ سرٹیفکیٹ مل جائے گا۔ لانچ کی تاریخ اور دیگر تفصیلات کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

شیئر: