Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کا نیا ٹی وی چینل جو صرف ’اچھی خبریں‘ نشر کرے گا

انڈیا ٹوڈے گروپ کے وائس چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ یہ وہ چینل ہے جو دلوں کو بھاتا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں ملک کے بڑے میڈیا ہاؤس انڈیا ٹوڈے نے ہندی زبان میں نئے ٹی وی چینل کی نشریات شروع کی ہیں جو صرف ’اچھی خبریں‘ دے گا۔
عرب نیوز کے مطابق انڈیا کے نئے ٹی وی چینل کا نام ’گڈ نیوز ٹوڈے‘ ہے۔
انڈیا ٹوڈے گروپ کے وائس چیئرپرسن کالی پورے نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’یہ چینل امید، انسانی کامیابیوں، ایجادات اور زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں ہونے والوں کی کہانیاں نشر کرے گا جو انڈیا اور دنیا بھر میں وقوع پذیر ہو رہی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اچھی خبریں اور اچھی چیزیں خواہ کہیں کی بھی ہوں ان کو پھیلانے اور ان پر خوش ہونے کی ضرورت ہے۔‘
گڈ نیوز ٹوڈے ٹی وی چینل کا ماٹو ہے کہ ’اچھی خبر، سچی خبر‘، کالی پورے کے مطابق ’ہم سب کو مسکراہٹ کی ضرورت ہوتی ہے، حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ہر طرف مشکلات کے باوجود ہم اطراف میں اچھائی کو دیکھ سکیں۔ اس کے بغیر ہم ڈوب جائیں گے۔‘
انڈیا ٹوڈے گروپ کے وائس چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ یہ وہ چینل ہے جو دلوں کو بھاتا ہے۔
انڈیا میں اس وقت 160 سے زیادہ قومی اور علاقائی ٹی وی چینل اپنی نشریات جاری رکھے ہوئے ہیں جن میں سے دو سب سے زیادہ دیکھے جاتے ہیں۔ ایک ہندی زبان میں آج تک اور دوسرا چینل انگریزی زبان میں انڈیا ٹوڈے ہے۔
ان دونوں چینلز کی ملکیت انڈیا ٹوڈے گروپ کے پاس ہے۔
کالی پورے نے بتایا کہ انڈیا ٹوڈے گروپ ملک کی میڈیا انڈسٹری میں نئی چیزیں لانے کے لیے اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
انڈیا میں ’گڈ نیوز ٹوڈے‘ چینل ایک ایسے وقت میں شروع کیا گیا ہے جب ملک میں آزادی صحافت پر قدغنوں کی شکایات سامنے آ رہی ہیں اور رپورٹرز ود آؤٹ فرنٹیئرز نے انڈیا کو ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں 142ویں نمبر پر رکھا ہے۔

شیئر: