Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین میڈیا کی پنجشیر میں کارروائی کی ’ایکسکلیوسیو‘ ویڈیو میں گیم کے مناظر

سوشل میڈیا پر اکثر ایسی خبریں نظر آتی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا بلکہ یہ ’فیک نیوز‘ صرف پراپیگنڈے کے لیے وائرل کی جاتی ہیں۔ ماضی میں کئی بار دیکھا گیا ہے کہ ان جعلی خبروں کی وجہ سے پاکستان اور انڈین صارفین کے درمیان ٹوئٹر پر گھمسان کا رن پڑا اور بعض اوقات تو دونوں طرف ٹی وی چینلز نے بھی ان ’فیک نیوز‘ پر گھنٹوں ٹاک شوز کیے۔
لیکن اس بار صورتحال زرا دلچسپ ہو گئی ہے اور انڈین میڈیا کو تنقید و طنز کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کی وجہ مختلف ٹی وی چینلز پر چلنے والی وہ ویڈیو ہے جو تھی تو ایک گیم کی لیکن ٹی وی چینلز نے رپورٹ کیا کہ یہ ویڈیو پنجشیر کی ہے۔
طالبان کے افغانستان کے قبضے سے پہلے اور بعد میں سوشل میڈیا میں مختلف قسم کی ڈس انفارمیشن پھیلائی جارہی ہے اور گزشتہ روز چلائی جانے والی ویڈیو بھی اس سلسلے کی کڑی محسوس ہوتی ہے۔
یاد رہے یہ ویڈیوز ایک ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب طالبان نے پنجشیر کو فتح کرنے کا دعویٰ کردیا ہے اور کابل میں پاکستان مخالف مظاہرے جاری ہیں۔
انڈین نیوز چینل ’ریپبلک‘ کی جانب سے بھی یہ ویڈیو چلائی گئی اور سوشل میڈیا پر بھی لگائی گئی۔ اس ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا تھا کہ ’پاکستانی فوج پنجشیر میں شمالی اتحاد کے خلاف طالبان کی حمایت کررہی ہے۔‘
اس ویڈیو میں سٹوڈیو میں بیٹھے اینکر کہہ رہے تھے کہ ’پاکستان ایئر فورس، پاکستان آرمی اس وقت پنجشیر میں ہے۔ آپ اس کے مناظر ہستی ٹی وی کی اس ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں۔‘
اس ویڈیو میں ایک طیارے کو دیکھا جاسکتا ہے جس پر کسی طرف سے فائرنگ بھی کی جارہی تھی۔

انڈیا میں فیکٹ چیکنگ کی ویب سائٹ ’آلٹ نیوز‘ سے منسلک محمد زبیر نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ہیلو ریپبلک، یہ جو ایکسکلیوسیو ویڈیو آپ کی ٹیم نے حاصل کی ہے دراصل یہ آرما 3 نامی ویڈیو گیم سے لی گئی ہے۔‘

اپنی ایک اور ٹویٹ میں محمد زبیر نے ویڈیو گیم کی اصلی ویڈیو بھی شیئر کردی جو یہ ثابت کرتی ہے کہ واقعی انڈین ٹی وی چینل کی جانب سے چلائی جانے والی ویڈیو آرما 3 نامی گیم سے ہی لی گئی ہے۔
یہی ویڈیو ٹائمز ناؤ اور زی ہندوستان کی جانب سے بھی ٹی وی پر نشر کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ ٹائمز ناؤ نے ایک اور ویڈیو چلائی جس کے بارے میں چینل پر مدعو شخصیات نے کہا کہ یہ پاکستانی فائٹر طیارہ ہے جو افغانستان کی وادی پنجشیر کے گرد چکر لگا رہا ہے۔

برطانوی ویب سائٹ یوکے ڈیفنس جرنل نے اس ویڈیو کے بارے میں لکھا ہے کہ ’اس ویڈیو میں دکھایا جانے والا طیارہ ایف 15 ہے جو ویلز کے علاقے مچ لوپ کے اوپر چکر لگا رہا ہے۔‘

شیئر: