Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روسی اداکارہ کی فلم کی شوٹنگ کے لیے خلائی سٹیشن روانگی

روسی اداکارہ اور فلم ڈائریکٹر عالمی خلائی سٹیشن جائیں گے۔ فوٹو اے ایف پی
روس کی خلائی ایجنسی راس کاسموس فلم کی شوٹنگ کے لیے اداکارہ یولیا پریسلڈ کو آئندہ ماہ عالمی خلائی سٹیشن بھجوا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 36 سالہ روسی اداکارہ نے خلا میں فلم کی شوٹنگ کرنے کے حوالے سے کہا کہ اب خوفزدہ  ہونے کا وقت گزر گیا ہے۔
’اگر آپ کو بھیڑیوں سے ڈر لگتا ہے، تو آپ کو جنگل میں نہیں جانا چاہیے۔ اب ڈرنے کا وقت گزر گیا ہے۔‘
امریکی فلم انڈسٹری ہالی وڈ بھی اسی نوعیت کے فلم پراجکٹ کی تیاریاں کر رہی ہے۔ روس کی کوشش ہے کہ امریکہ سے پہلے ہی وہ اپنا فلم پراجکٹ مکمل کر لے۔
اداکارہ کے ہمراہ فلم کے 38 سالہ ڈائریکٹر کلم شپینکو کو بھی عالمی خلائی سٹیشن میں بھیجا جا رہا ہے۔
ہالی وڈ کے خلا میں فلم کی شوٹنگ کے اعلان کے چار ماہ بعد روس نے گزشتہ سال ستمبر میں بارہ دن کے خلائی مشن کا اعلان کیا تھا۔ روس کے فلمی مشن کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا۔
فلم کے ڈائریکٹر کلم شپینکو کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی ڈرامائی فلم ہوگی جس میں ایک ڈاکٹر خلاباز کی جان بچانے عالمی سپیس سٹیشن جاتا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ عالمی سپیس سٹیشن میں موجود روسی مشن کمانڈر اور خلابازوں کو بھی فلم میں دکھایا جائے گا۔
اداکارہ نے بتایا کہ خلائی مشن کے لیے انہیں اپنی میک اپ کٹ تیار کرنے میں مشکل ہو رہی ہے کیونکہ لپ گلاس رکھنے کی اجازت نہیں ہے اور صرف مخصوص قسم کے پلاسٹک کا سامان ساتھ لے جایا جا سکتا ہے۔
’خاتون دکاندار کو سمجھ ہی نہیں آرہی تھی کہ مجھے کیا چاہیے ہے۔ تو پھر میں نے انہیں سمجھایا کہ مجھے خلا میں لے جانے کے لیے میک اپ بیگ چاہیے۔‘
فلم ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ وہ خلائی سٹیشن میں ملنے والے کھانوں کے حوالے سے بہت ہی پرجوش ہیں جس میں کاکیسس کے کھانوں کے علاوہ چقندر کا روایتی سوپ بھی شامل ہے۔

شیئر: