اب تک ایک کروڑ زائرین مسجد الحرام آچکے: وزارت حج و عمرہ
اب تک ایک کروڑ زائرین کو حاضری کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ، نماز اور زیارت کی تدریجی بحالی کے بعد سے اب تک ایک کروڑ زائرین کو حاضری کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
نئے اسلامی آغاز سے مختلف ملکوں کے زائرین کو بارہ ہزار سے زیادہ عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق نائب وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ اس وقت ہر روز 8 شفٹوں میں 70 ہزار عمرہ زائرین کی گنجائش رکھی گئی ہے۔
ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نےکہا ہے کہ توکلنا ایپ اور اعتمرنا افراد اور اعتمرنا اعمال پلیٹ فارم کے ذریعے عمرہ، نماز اور زیارت کے اجازت نامے جاری کیے جارہے ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ عمرہ، مسجد الحرام میں نماز اور مسجد نبوی کی زیارت کے خواہشمند ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لیں اس کے بغیر اجازت نامے نہیں ملیں گے۔
نائب وزیر حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ بارہ برس اور اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ویکسین حاصل کرنے کی صورت میں عمرہ، نماز اور زیارت کے اجازت نامے دیے جارہے ہیں۔
صحت حکام نے اطمینان دلایا ہوا ہے کہ بارہ برس سے زیادہ عمر کے جو لوگ ویکسین لے چکے ہوں ان سے وائرس لگنے اور پھیلنے کا خطرہ نہیں ہے۔
انہو ں نے مزید کہا کہ مملکت نے نئے اسلامی سال کے آغاز سے بیرونی عمرہ زائرین کا خیر مقدم شروع کررکھا ہے۔ کورونا ایس او پیز بھی جاری کی گئی ہیں۔
نائب وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ عمرہ ویزے کے امیدوار اپنے ملک سے ویکسین کا مصدقہ سرٹیفکیٹ درخواست کے ساتھ منسلک کرنے کا اہتمام کریں۔ اس شرط کی بھی پابندی کریں کہ ویکسین وہی ہو جو سعودی عرب میں منظور کردہ ہو۔
ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا کہ سعودی عرب میں بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
وزارت حج و عمرہ مختلف قسم کے زیارت و عمرہ ویزے زائرین کو فراہم کررہی ہے۔
انہو ں نے کہا کہ مملکت آنے سے 72 گھنٹے قبل مقیم پلیٹ فارم پر ویکسین کا اندراج کرالیں۔ وزارت حج و عمرہ اپنے کیئر سینٹرز کے ذریعے بھی زائرین کو اس کی سہولت فراہم کرسکتی ہے۔