Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اٹلی کا پاکستان سے ’لاپتا لڑکی‘ کے والدین حوالے کرنے کا مطالبہ

جب سے پولیس نے مئی میں اس نوعمر لڑکی کی گمشدگی کی تحقیقات شروع کی ہیں تو یہ وہاں کے اخبارات کی صفحہ اول کی خبر بن گئی ہے.(فوٹو: ٹوئٹر)
اٹلی نے پاکستان سے مبینہ طور پر شادی کے انکار پر قتل ہونے والی نوعمر لڑکی کے والدین کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اٹلی کی جانب سے جمعرات کو بتایا گیا ہے کہ اس نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے وہ ایک اس نوعمر لڑکی کے والدین کو اٹلی کے حوالے کرے جس کے بارے میں شبہ ہے کہ شادی کے انکار پر اس کے گھر والوں نے اسے قتل کر دیا ہے۔
یہ مطالبہ بدھ کے روز اس خبر کے بعد سامنے آیا کہ 18 سالہ سمن عباس کے چچا کو پیرس میں گرفتار کیا گیا جن پر الزام ہے کہ انہوں نے سمن کے والدین اور دو کزنوں کے ساتھ مل کر لڑکی کو قتل کیا تھا۔
یہ خبر سامنے آنے کے بعد اٹلی میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور مئی میں جب سے پولیس نے لڑکی کی گمشدگی کی تحقیقات شروع کیں تب سے یہ وہاں کے اخبارات کی شہ سرخیوں میں ہے، تاہم ابھی تک مقتولہ کی لاش نہیں مل سکی ہے۔
اٹلی کی وزارت انصاف نے جمعرات کو کہا  کہ ’وزیر انصاف مارٹا کارٹابیا نے ثمن عباس کے والدین کی حوالگی کے لیے دو درخواستوں پر دستخط کر کے پاکستان بھیج دی ہیں۔‘
پراسیکیوٹرز نے بدھ کے روز پیرس کے مضافات میں ثمن عباس کے چچا کے یورپین وارنٹ کے تحت گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔
شمالی اطالوی قصبے نوولارا میں رہنے والی ثمن عباس نے پچھلے سال اپنے خاندان کے اس منصوبے سے انکار کر دیا تھا کہ وہ اپنے آبائی ملک پاکستان میں ایک کزن سے شادی کرے گی۔
نابالغ ہوتے ہوئے سمن نے سوشل سروسز کا رخ کیا تھا اور نومبر میں اسے شیلٹرہوم منتقل کر دیا گیا تھا۔ اس نے اپنے والدین کے خلاف پولیس کو بھی درخواست دی تھی لیکن 11 اپریل کو وہ ان کے پاس واپس چلی گئی تھی۔
پولیس نے 5 مئی کو سمن عباس کی تلاش شروع کی لیکن جب افسران نے اس کے گھر کا دورہ کیا اور انہیں وہاں کوئی نہیں ملا۔
اس کے بعد پولیس کو معلوم ہوا کہ لڑکی کے والدین اس کے بغیر پاکستان چلے گئے ہیں اور انہیں قریبی سکیورٹی کیمرے سے تصاویر ملی ہیں جس سے وہ کافی زیادہ تشویش میں ہیں۔
پھر 29 اپریل کی شام کو پانچ افراد کو بیلچے اور ایک بالٹی تھامے گھر سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا اور تقریباً اڑھائی گھنٹے بعد انہیں واپس لوٹتے ہوئے دیکھا گیا۔
اس کیس کا ایک ملزم جو ثمن عباس کا کزن ہے، اس وقت اٹلی کی جیل میں ہے۔

شیئر: