کراچی میں کورونا ویکسین نہ لگوانے پر 33 افراد گرفتار، مقدمہ درج
جمعہ 24 ستمبر 2021 11:33
توصیف رضی ملک -اردو نیوز- کراچی
محکمہ داخلہ سندھ کی ہدایت پر کراچی میں ویکسین نہ لگوانے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں پولیس نے سہراب گوٹھ کے علاقے میں 33 افراد کو گرفتار کر کے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔
جبکہ شہر کے دیگر اضلاع میں فی الحال کوئی گرفتاریاں عمل میں نہیں لائیں، شہریوں کو تنبیہ کر کے چھوڑ دیا گیا۔
پولیس ترجمان کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں پولیس نے دو افراد کو معمول کی جانچ پڑتال کے لیے روکا، پوچھنے پر پتا چلا کہ دونوں افراد نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی ایک بھی خوراک نہیں لگوائی جس کے بعد دونوں افراد محمد خالد اور حبیب الرحمان کو حراست میں لے کر سہراب گوٹھ تھانے لے جایا گیا جہاں سرکار کی مدعیت میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
مقدمہ وبائی امراض ایکٹ 2014 کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔
اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کراچی پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف کوئی کریک ڈاؤن نہیں کہ ان کی تلاش میں چھاپے مارے جائیں، لیکن پولیس ناکوں، سرکاری دفاتر اور شہر کے عوامی مقامات پر چیکنگ کی جا رہی ہے جہاں لوگوں سے ویکسین کے حوالے سے پوچھا جا رہا ہے۔
جن شہریوں نے ویکسین کی ایک بھی خوراک نہیں لگوائی، ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے آئی جی پولیس، ڈی جی رینجرز سندھ اور ڈویژنل کمشنرز کو تحریری طور پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کے علاوہ جرمانے لگانے کا کہا تھا۔
اس سے قبل حکومت سندھ نے کورونا ویکیسن نہ لگوانے والوں کی موبائل سمیں بند کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔