مملکت سے باہر موجود غیر ملکیوں کے اقامے کی تجدید کیسے؟
مملکت سے باہر موجود غیر ملکیوں کے اقامے کی تجدید کیسے؟
منگل 28 ستمبر 2021 0:11
جوازات کا کہنا ہے کہ مملکت سے باہر گئے ہوئے غیر ملکیوں کے اقامہ کی تجدید ممکن ہے (فوٹو: ایس پی اے))
سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کا اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کے حوالے سے کہنا ہے کہ سعودی ڈیٹا بیس سینٹر اور جوازات کے تعاون سے تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع پرعمل جاری ہے تاہم باری آنے پر ہرایک کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں 30 نومبر تک توسیع کردی جائے گی اس بارے میں کسی سرکاری ادارے یا جوازات سے رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی ـ
جوازات کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں اور وزٹ ویزے پر مملکت آنے والوں کے رہائشی وقانونی معاملات کے بارے میں دریافت کیے جانے والے استفسارات کے جوابات دیے جاتے ہیں تاکہ تارکین کی درست اور بہتر انداز میں رہنمائی ہو سکےـ
ٹوئٹر اکاونٹ پر اقامہ اور خروج وعودہ کے قوانین کے حوالے سے مختلف نوعیت کے سوالات کیے جارہے ہیں جن میں بیشتر سوالات اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں خود کار توسیع کے حوالے سے ہیں۔ اس بارے میں جوازات کا کہنا ہے کہ شاہی احکامات کے بعد تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مرحلہ وار توسیع کی جارہی ہےـ
جوازات کے ٹوئٹر پرایک شخص نے دریافت کیا ’ مملکت سے باہر گئے ہوئے غیر ملکی کا اقامہ تجدید ہوسکتا ہے‘؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ مملکت سے باہر گئے ہوئے غیر ملکیوں کے اقامہ کی تجدید ممکن ہے اس بارے میں کارکن کے اقامہ کی تجدید آجر کے ’مقیم پورٹل ‘ کے ذریعے کی جاسکتی ہےـ
بیرون مملکت گئے ہوئے غیر ملکی کارکن کے اقامے کی تجدید کرانے کے لیے آجر اپنے مقیم پورٹل پرتجید کی کمانڈ دینے سے قبل مقررہ فیس ادا کرے اس کے بعد مقیم کے ذریعے تجدید کی کمانڈ دی جائےـ
واضح رہے ایسے افراد جو پاکستان سمیت ان ممالک سے تعلق رکھتے ہیں جہاں سے مسافروں کے براہ راست آنے پرپابندی عائد ہے ان کے لیے خصوصی رعایت پرعمل کیا جارہا ہے جس کے ذریعے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کی جارہی ہے تاہم اس کے لیے جلد بازی نہ کریں اور باری کا انتظار کریں ـ
ایک اور شخص نے کورونا ویکسین کے حوالے سے دریافت کیا ’ سعودی عرب میں ایسٹرا زنیکا ویکسین کی پہلی خوراک لی دوسری خوراک اپنے ملک میں لی، کیا براہ راست مملکت آیا جاسکتا ہے؟‘
اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ پابندی والے ممالک سے مسافروں کے مملکت آنے کے لیے لازمی ہے کہ انہوں نے مملکت سے جانے سے قبل کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہوئی ہوں اور توکلنا پران کا سٹیٹس ’امیون ‘ ہوـ
ایسے افراد براہ راست مملکت آسکتے ہیں تاہم انہیں چاہئے کہ وہ مملکت آمد سے 70 گھنٹے قبل ’قدوم پورٹل ‘ پرخود کو رجسٹرکرائیں تاکہ امیگریشن کی کارروائی جلد مکمل کی جاسکے ـ