خلا میں لے جایا گیا پاکستانی پرچم بیجنگ سفارت خانے کے حوالے
خلا میں لے جایا گیا پاکستانی پرچم بیجنگ سفارت خانے کے حوالے
منگل 28 ستمبر 2021 17:00
یہ پرچم 17 جون 2021 کو لانگ مارچ -2 ایف کیریئر راکٹ پر بھیجے گئے تھے (فوٹو: گلوبل ٹائمز ٹوئٹر)
چینی مشن کی جانب سے پاکستان چین دوستی کی 70 ہویں سالگرہ کے موقع پر خلا میں بھیجا گیا پاکستانی پرچم بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پاکستانی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی نے منگل کو بتایا کہ ایک پاکستانی قومی پرچم جو کہ چینی مشن پر خلا میں لے جایا گیا تھا، چین کی اکیڈمی آف سپیس ٹیکنالوجی (سی اے ایس ٹی) میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں پاکستانی سفارت خانے کے حوالے کیا گیا ہے۔
خلائی جہاز شینزہو 12 کو رواں برس جون میں لانچ کیا گیا تھا جس نے 17 ستمبر کو منگولیا کے صحرائے گوبی میں محفوظ طریقے سے لینڈ کیا۔ اس نے کسی بھی سابقہ چینی خلائی جہاز سے تین گنا زیادہ بلندی پر رہ کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔
اس خلائی پرواز میں پاکستان اور چین کے قومی پرچم بھی موجود تھے، جنہیں چائنا مینڈ سپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ہویں سالگرہ کے موقع پر بیرونی خلا میں بھیجا تھا۔
اس حوالے سے تقریب میں چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق، چائنا اکیڈمی آف سپیس ٹیکنالوجی کے سیکریٹری ژاؤ ژاؤجن، چائنا مینڈ سپیس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ہاؤ چون، یانگ لی وے، ڈپٹی چیف ڈیزائنر چائنا مینڈ اور دیگر سائنس دانوں اور ماہرین نے شرکت کی۔
اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق ’یہ پرچم 17 جون 2021 کو لانگ مارچ -2 ایف کیریئر راکٹ پر بھیجے گئے تھے اور تین ماہ تک خلا میں رہنے کے بعد چین کے خلائی جہاز شینزہو 12 کے ذریعے واپس آئے تھے۔
شینزو 12 خلائی مشن تین چینی خلابازوں کو چینی خلائی سٹیشن ’تیانگونگ‘ قائم کرنے کے لیے خلا میں لے کرگیا (فائل فوٹو: اے پی)
شینزو 12 خلائی مشن تین چینی خلابازوں کو چینی خلائی سٹیشن ’تیانگونگ‘ قائم کرنے کے لیے خلا میں لے کرگیا جس کی تکمیل اگلے برس متوقع ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر معین الحق نے سی ایم ایس اے ، س اے ایس ٹی اور دیگر چینی تحقیقی اداروں کو کامیاب خلائی مشن پر مبارک باد دی۔
سفیر نے کہا کہ ’دو ممالک کے قومی پرچموں کا خلائی سفر پاکستان اور چین کے درمیان منفرد دوستی کا خاص مظاہرہ تھا اور سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ منانے کا ایک مناسب طریقہ تھا۔‘
اے پی پی کے مطابق انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ چین اور پاکستان مستقبل میں مشترکہ مفادات اور تجربے کے اشتراک کے لیے خلائی تحقیق میں اپنے تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔