Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اب چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان صرف مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی ہی کرے گی‘

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’اب کوئی شخص یا غیر سرکاری کمیٹی اپنے طور پر چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان نہیں کر سکے گی۔‘
منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وفاقی کابینہ نے رویت ہلال کمیٹی کے حوالے سے نئی قانون سازی کی منظوری دے دی ہے اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جانے والا اعلان ہی حتمی تصور ہو گا۔‘
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ’اوورسیز پاکستانیوں کو ای ووٹ کا حق دینا انتخابی اصلاحات کا لازمی حصہ ہے جس پر اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔‘
ان کے مطابق ’سمندر پاکستانیوں کا ملک کی معیشت اہم کردار ہے ان کو ووٹ کا حل ملنا ضروری ہے، اگر اوورسیز کو انتخابات سے نکال دیں تو یہ زیادتی ہو گی۔‘
فواد چوہدری نے یہ بھی بتایا کہ ’کابینہ کو ای وی ایم پر بریفنگ دی گئی اور وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس معاملے کو اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کر کے حل کیا جائے۔ 
فواد چوہدری نے فلپائن کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’وہاں ای وی ایم کے استعمال سے قبل الیکشن میں عملے کے 300 ارکان مارے گئے، ای وی ایم ایسے مسائل کا بہترین حل ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’20 الیکٹرونک ووٹنگ مشینز منگوا لی گئی ہیں۔‘
انہوں نے حزب اختلاف کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’آئے ہم سے بات کرے لیکن یہ بات چیت بامقصد ہونی چاہیے وقت کا ضیاع نہیں۔‘
فواد چوہدری نے ای ویزہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کی بدولت 191 ممالک کے باشندے آن لائن ویزہ حل کر سکیں گے، اس سے بزنس اور سیاحت کے شعبوں کو فائدہ ہو گا۔‘

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک میں صرف درامد شدہ اشیا کی قیمتیں زیادہ ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’اجلاس میں 34 ادویات کی نئی قیمتیں بھی فِکس کی گئی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’کابینہ میں انڈونیشیا کو کورونا کے حوالے سے امداد دینے کی بھی منظوری دی گئی۔‘
برطانیہ میں شہباز شریف کی بریت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ فیک نیوز ہے۔
بقول ان کے ’اگر میرٹ پر کیس چلے تو شہباز شریف چھ ماہ میں کم از کم 25 سال کے لیے جیل چلے جائیں گے۔‘
انہوں نے کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’کابینہ اجلاس میں ان کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔‘

فواد چوہدری کے مطابق ’اگر میرٹ پر کیس چلے تو شہباز شریف چھ مہینے میں 25 سال کے لیے جیل چلے جائیں گے۔‘ (فوٹو: پی ایم ایل این)

فواد چوہدری نے مہنگائی کا اعتراف تو کیا تاہم ساتھ یہ بھی کہا کہ ’یہ ان چیزوں پر ہے جو باہر سے منگوائی جاتی ہیں کیونکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔‘
انہوں نے دیہات کی معیشت میں بہتری آنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’شہروں میں مہنگائی اس لیے زیادہ ہے کیونکہ وہاں درامدہ اشیا کا استعمال زیادہ ہے۔‘

شیئر: