’2023 کے الیکشنز میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال ہوگی‘
’2023 کے الیکشنز میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال ہوگی‘
بدھ 1 ستمبر 2021 16:36
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ’ای وی ایم کے حوالے سے تمام قانون سازی 2021 میں ہی مکمل کر لی جائے گی‘ (فائل فوٹو: وزارت سائنس و ٹیکنالوجی)
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ ’2023 کے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) استعمال ہوگی اور اس کے لیے تمام ضروری قانون سازی 2021 میں ہی کر لی جائے گی۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ ’الیکٹرانک ووٹنگ میشن کے حوالے سے قانون سازی کے لیے چاہے سینیٹ جانا پڑے یا مشترکہ اجلاس کی طرف، جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ای وی ایم کے حوالے سے جب بھی اپوزیشن سے بات کی جاتی ہے، تو وہ کہتی ہے ہم نے مشین نہیں دیکھنی۔‘
انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ’ہماری اکثریت ہے، اور اگلے الیکشن میں ای وی ایم استعمال ہوگی۔‘