سعودی کابینہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب سول تنصیبات پر حوثی دہشت گردوں کے بارودی ڈرون و بوٹس اور بیلسٹک میزائل حملوں کے حوالے سے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا ورچول اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یوم وطنی کے موقع پر تہنیتی پیغامات پر برادر اور دوست ممالک کے قائدین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کابینہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سامنے عالمی حالات اور چیلنجوں سے متعلق سعودی عرب کے اس موقف کا اعادہ کیا جسے شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں کیا تھا۔
سعودی کابینہ نے سوڈان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت اور عوام ریاست کے قانونی اداروں کے خلاف بغاوت کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔ سوڈانی حکومت ملکی امن و استحکام کے حوالے سے جو اقدامات کرے گی سعودی عرب اس کے ساتھ ہوگا۔
اجلاس نے متعلقہ بین الاقوامی معاہدوں اور کاپی رائٹ کی پابندی کے ساتھ کووڈ ویکسین کی رسائی میں آسانی پیدا کرنے کے لیے مشترکہ بین الاقوامی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
کابینہ نے مملکت میں مصر کے الاھلی بینک کی شاخ کھولنے کے لیے لائسنس کی منظوری دی اور وزیر خزانہ کو یہ اختیار تفویض کردیا کہ وہ مملکت میں بینک کو دیگر شاخیں کھولنے کی اجازت دیں۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر عصام بن سعید نے ایس پی اے کے نمائندے کو بتایا کہ کابینہ میں مختلف سطحوں پررونما ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق کئی رپورٹوں کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی کابینہ نے متعدد فیصلے بھی کیے۔ سینیگال کے ساتھ براہ راست سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر سرمایہ کاری اور انشورنس امور کی نگرانی سے متعلق عرب اداروں کی تنظیم کے دستور پر بات چیت کا اختیار ساما کے گورنر کو تفویض کیا۔