سعودی کابینہ نے منگل کو ہونے والے ورچوئل اجلاس میں عالمی برادری سے پھر اپیل کی ہے کہ وہ حوثی ملیشیا کے حوالے سے اپنا کردارادا کرے۔
کابینہ نے یہ اپیل منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقدہ ورچول اجلاس کے موقع پر کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ نے یمن میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں
کابینہ نے اجلاس میں خطے، عالمی حالات حاضرہ اور اہم موضوعات کا جائزہ لیا۔
کابینہ نے کہا کہ ’حوثیوں کی سرحد پار سرگرمیاں یمنی بحران کے پرامن حل تک رسائی کی عالمی کوششوں کو سبوتاژ کررہی ہیں‘۔
کابینہ کو گزشتہ دنوں برادر اور دوست ممالک کے ساتھ اعلی قیادت کی ملاقاتوں اور میٹنگوں میں زیر بحث آنے والے امور، مذاکرات کی تفصیلات اور نتائج سے آگاہ کیا گیا۔
ملاقاتیں مختلف شعبوں میں تعلقات کے استحکام اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے نیز مملکت کے علاقائی اور بین الاقوامی کردار اور حیثیت کو مضبوط بنانے کے لیے ہوئی تھیں۔
کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’سعودی عرب یمن میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور اسے اپنی ترجیح قرار دیے ہوئے ہے‘۔
کابینہ نے واضح کیا کہ ’سعودی عرب بین الاقوامی انسانی قانون اور اس کے روایتی ضوابط کے مطابق اپنے شہریوں اور سرحدوں کے امن کے دفاع کا پورا حق محفوظ رکھتا ہے‘۔
#فيديو_واس | #مجلس_الوزراء يعقد جلسته ـ عبر الاتصال المرئي ـ برئاسة #خادم_الحرمين_الشريفين.#واس pic.twitter.com/0MtYzd2LSm
— واس الأخبار الملكية (@spagov) September 14, 2021