Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ میں سمندری طوفان ’گلاب‘ کے اثرات: کراچی میں جمعہ کی چھٹی کا اعلان

بحیرہ عرب میں آنے والے طوفان ’گلاب‘ کے کراچی اور سندھ کے دیگر ساحلی علاقوں کو متاثر کرنے کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی وارننگز کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر اور دیگر ساحلی علاقوں میں صورتحال بے یقینی کا شکار ہے۔
جمعرات کو رات گئے کیے گئے اعلان میں کمشنر کراچی نے موسم کی ہنگامی صورتحال کے باعث جمعہ کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق جمعہ کو کراچی میں لازمی سروسز والے اداروں اور بارشوں کی ایمر جنسی میں خدمات انجام دینے والے سرکاری اداروں کے علاوہ تمام سرکاری دفاتر اور تمام تعلیمی ادارے اورکاروباربند رہے گا۔
دوسری جانب جمعرات کی رات تک محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الگ الگ وارننگز میں جہاں حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے وہیں سمندر میں لنگرانداز جہازوں کو بھی اپنے انجن آن رکھنے کا کہا گیا ہے تاکہ طوفانی کیفیت میں کھلے سمندر میں جا سکیں۔
کراچی سمیت سندھ کے متعدد مقامات سے تیز ہواؤں اور ان کے نتیجے میں بجلی کے کھمبے وغیرہ گرنے کی شکایات بھی سوشل ٹائم لائنز پر خاصی نمایاں ہیں۔ 
کراچی میں گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا سمیت متعدد مقامات پر تیز ہوا کے باعث بجلے کے پول گرنے سے جہاں نیچے موجود گاڑیوں کو نقصان پہنچا وہیں متاثرہ مقامات پر بجلی غائب رہنے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
سرکاری سطح پر جاری کردہ ہدایات میں جہاں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ سمندری طوفان گلاب سے اربن فلڈنگ کی صورتحال بن سکتی ہے وہیں کراچی میں سیلابی پانی گھروں کے اندر داخل ہونے کی تشویش آمیز اطلاع بھی دی گئی ہے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) نے موسمی صورتحال سے متعلق جاری کردہ وارننگ میں کہا ہے کہ ’بحیرہ عرب میں کم ہوا کا دباؤ کراچی سے دور ہے تاہم یہ بارش میں بدلنے کے بعد طوفانی صورتحال کا باعث ہو سکتا ہے۔
پی ایم ڈی کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آج رات سے شروع ہونے کے بعد آئندہ دو روز میں کراچی میں 150 ملی لیٹرز تک بارش ہو سکتی ہے جو اربن فلڈنگ کا باعث ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمی حالات میں اس تبدیلی کی وجہ سے سندھ بھر میں بارش کی توقع ہے۔

سمندری طوفان گلاب کے سندھ کے ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کرنے کے خدشے کے بعد صوبائی حکومت نے بھی کراچی سمیت صوبے کے دیگر ساحلی علاقوں کے لیے متعدد اعلانات کیے ہیں۔
ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر کراچی پولیس کی جانب سے سیکیورٹی ڈویژن کا اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ شہر کے مختلف مقامات پر تعینات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ خصوصی تربیت یافتہ ایس ایس یو کمانڈوز پر مشتمل ہے، یونٹ جدید سازوسامان, چھوٹی کشتیوں سے لیس اور چوبیس گھنٹے الرٹ رہے گا۔ ریسکیو ٹیمز کشتیوں کے ہمراہ ناگن چورنگی، فیروزآباد اور کورنگی کراسنگ (کازوے) کے علاقوں میں تعینات ہے، شہری کسی بھے ایمرجنسی کی صورت میں مددگار 15 پر فوری رابطہ کریں۔

شیئر: