Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایف آئی اے انسداد سمگلنگ سرکل کی کراچی میں کارروائی، 10 ایرانی گرفتار

تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار ہونے والے ایرانی شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ کا اجراء حال ہی میں ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسداد سمگلنگ سرکل نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کے دوران 10 ایرانی باشندے گرفتار کر لیے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے سندھ ذاکر حسین نے اردو نیوز کے نامہ نگار توصیف رضی ملک سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کی تشکیل کردہ ٹیموں نے بدھ کو کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 10 ایرانی شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ایرانی شہری پاکستانی اور ایرانی ایجنٹوں کی ملی بھگت سے پاکستانی دستاویزات بنا کر قطر جانے کی تیاری کر رہے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار ہونے والے ایرانی شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ کا اجرا حال ہی میں ہوا ہے۔ اس حوالے سے کراچی میں نادرا کے اعلیٰ افسران اور ملازمین سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انتباہ اور زیر التواء انکوائریوں کے باوجود نادرا افسران اور ملازمین کی جانب سے غیر قانونی شناختی کارڈز کا اجراء باعث تشویش ہے۔
 گرفتار ہونے والے دس ایرانی باشندوں کے خلاف فارنرز ایکٹ 1946 اور تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان ایف آئی کے مطابق ’انکشافات کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ اختیار یونین کونسل کی سطح سے، نادرا اور پاسپورٹ اتھارٹی تک بڑھایا جائے گا۔‘
حال ہی میں نادرا کے ایک ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو رشوت لینے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

شیئر: