Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف کے لیے السعودیہ کی خصوصی پرواز

سپیشل پرواز بانی مملکت کی پرواز کی یاد میں چلائی (فوٹو، سبق نیوز )
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے جمعرات  30 ستمبر   کو ریاض سے طائف کے لیے بوئنگ  B777-300 کی سپیشل پرواز بانی مملکت کی پرواز کی یاد میں چلائی- شاہ عبدالعزیز اتوار  30 ستمبر  1945 کو عفیف سے ڈگلس DC-3کے طیارے سے طائف کے حویۃ ایئرپورٹ پہنچے تھے- 
سبق ویب سائٹ کے مطابق السعودیہ نے اس موقع پر ریاض کے استقبالیہ ہال میں حب الوطنی کے جذبات کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے  بانی مملکت کاپورٹریٹ  لگایا ہوا تھا جبکہ السعودیہ کے اہلکاروں نے مسافروں کو انمول یاد اور مناسبت کا تعارف پیش کیا- 
السعودیہ نے اس موقع پر ایک اور کام یہ کیا کہ پرواز کے مسافروں کے بورڈنگ پاس روایتی انداز سے پرنٹ کرکے پیش کیے- 

ہر مسافر کو ام القری سرکاری گزٹ کا سپیشل شمارہ پیش کیا گیا (فوٹو، ٹوئٹر)

ایک اور اہتمام اس موقع پر یہ کیا گیا کہ پرواز پر مسافروں کو قومی نغمے سنائے گئے جبکہ ہر مسافر کو ام القری سرکاری گزٹ کا سپیشل شمارہ پیش کیا گیا جس میں بانی مملکت کی پہلی تاریخی پرواز کی تفصیلات دی گئی تھیں- 
السعودیہ کے قیام اور ارتقا کی تاریخ سعودی عرب کی تعمیر و ترقی اور ارتقا کے سفر سے جڑی ہوئی ہے- شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن اور امریکہ کے صدر فرنکلین روز ویلٹ کی 1945 میں تاریخی ملاقات ہوئی تھی اس موقع پر امریکی صدر نے بانی مملکت کو DC-3 ساخت کا طیارہ تحفے کے طور پر پیش کیا تھا- اسی طیارے سے السعودیہ کی داغ بیل پڑی تھی- رفتہ رفتہ السعودیہ بین الاقوامی فضائی کمپنی بن گئی- 

شیئر: