Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی تعمیراتی کمپنی ریاض نارتھ منصوبے پر کام کرے گی

دبئی کے مال آف ایمریٹس کی طرح سعودی فلیگ شپ مال بھی بنایا جائے گا( فوٹو عرب نیوز)
عالمی تعمیراتی کمپنی میس کے ڈویلپر ماجد الفطیم نے کہا ہے کہ میس ریاض میں ایک بڑے منصوبے پر کام کرے گی۔
عرب نیوز کے مطابق میس تقریباً 16 بلین ریال کی لاگت سے ریاض نارتھ منصوبے پر کام کرے گی جس میں 600 سے زیادہ ریٹیل سٹورز، 9 ہوٹلز اور برانڈیڈ رہائش کے ساتھ دبئی کے مال آف ایمریٹس کی طرح سعودی فلیگ شپ مال بھی بنائے گی۔ 
میس پلاننگ،کنسٹرکشن ،کمرشل اور کنٹرول مینجمنٹ کی نگرانی کرے گی  جو تقریباً ایک ملین مربع میٹر بلٹ اپ ایریا پر پھیلا ہوا ہے۔
ایم اے ایف پراپرٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد گالا اسماعیل نے کہا کہ ’سعودی عرب پہلے ہی جی سی سی میں سب سے بڑی ریٹیل مارکیٹ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ریاض نارتھ اور مال آف سعودی عرب اپنے قائم ہونے والے اور آنے والے برانڈز کے لیے قدرتی شراکت دار ہوں گے۔‘
میس دیگر بڑی پیش رفت میں شامل رہی ہے بشمول لندن 2012 سمر اولمپکس اور عالمی ایکسپو 2020 دبئی۔
واضح رہے کہ ایکسپو 2020 دبئی میں 190 سے زیادہ ممالک شریک ہیں۔ مملکت کا پویلین  13 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں پھیلا ہوا ہے۔ یہ برادر ملک امارات کے بعد دوسرا بڑا پویلین ہے۔
سعودی مشیر ایوان شاہی محمد بن مزید التویجری نے جمعے کو ایکسپو 2020 دبئی میں سعودی پویلین کا افتتاح کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محمد بن مزید التویجری نے پویلین کے ہر حصے کا دورہ کیا۔
انہیں مملکت کی روشن تصویر منعکس کرنے والی سرگرمیوں اور پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
  سعودی عرب فطرت، عوام، ورثہ اور سرمایہ کاری کےامکانات پر مشتمل چار بنیادوں پر اپنے پویلین میں زور دے رہا ہے۔
یہاں سعودی عرب کی تاریخی دستکاریاں، عوامی طائفوں کے شو اور مملکت کے مختلف علاقوں کے مشہور پکوانوں کو بڑی پذیرائی مل رہی ہے۔
مشیر ایوان شاہی نے کہا کہ پویلین میں جو کچھ دیکھا وہ منفرد ہے۔ ہمارے نوجوانوں نے وطن عزیز کی روشن تصویر پیش کی ہے۔
 سعودی پویلین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کے دور میں ترقی اور خوشحالی کے عروج کی صحیح معنوں میں ترجمانی کر رہا ہے۔

شیئر: