فوڈ چین جونز دی گروسر کا سعودی عرب میں 16 آؤٹ لیٹس کھولنے کا منصوبہ
چھ ماہ کے اندر ریاض میں تین آؤٹ لیٹس کھل جائیں گی۔( فائل فوٹو عرب نیوز)
فوڈ چین جونز دی گروسر نے سعودی عرب میں اگلے 5 سالوں میں 16 سٹورز کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کمپنی اگلے 12 ماہ میں اپنے علاقائی آؤٹ لیٹس کی تعداد 23 سے بڑھا کر 33 کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
جونز دی گروسر کی متحدہ عرب امارات میں آؤٹ لیٹس کی تعداد 24 جبکہ سعودی عرب، قطر اور مصر میں تین تین آؤٹ لیٹس ہوں گے۔
کمپنی اگلے مرحلے میں تین سے پانچ سالوں میں مزید 25 آؤٹ لیٹس کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ دوسرے مرحلے میں سعودی عرب، مصر اور انڈیا میں ایک ایک سٹور کھولا جائے گا۔
جونز دی گروسر کے مملکت میں توسیعی منصوبوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کمپنی کے سی ای او اور مالک صدیقی نے کہا کہ سعودی عرب کمپنی کے لیے ایک اہم مارکیٹ ہے کیونکہ یہ علاقائی اقتصادی پاور ہاؤس ہے۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ریگولیٹری ماحول میں حالیہ تبدیلیوں کے نتیجے میں فوڈ اور بیوریج کی ڈومیسٹک طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ متعدد نئی اور لاجواب پیش رفت ہو رہی ہیں جو کہ ہمارے جیسے معیاری فوڈ ریٹیلرز کو یہ موقع فراہم کر رہی ہیں کہ ہم جو کچھ کر سکتے ہیں اس کی بہترین نمائش کریں۔‘
صدیقی نے کہا کہ ’ہم مملکت میں اگلے 5 سالوں میں 16 سٹورز کھولیں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاض میں آنے والے چھ ماہ کے اندر تین آؤٹ لیٹس کھل جائیں گی۔
جونز دی گروسر کے سی ای او نے کہا کہ ’ہم ایک مضبوط آپریشنل ٹیم کی تعمیر اور تربیت بھی کر رہے ہیں۔ ہمیں مملکت میں اپنے شراکت دار نائف الراجی انویٹمینٹس کے ساتھ مضبوط تعلقات پر بہت فخر ہے۔‘