Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ریاض سیزن 2021 کی آمدنی دو ارب 90 کروڑ ریال سے بڑھ جائے گی'

گذشتہ برس کورونا وبا کی وجہ سے ریاض سیزن کا انعقاد نہیں ہو سکا تھا اور رواں سال اس کا آغاز 20 اکتوبر سے ہو رہا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر ریاض سیزن)
سعودی عرب میں تفریح کی جنرل اتھارٹی کے چیئرمین ترکی الشیخ کا کہنا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ اس سال ریاض سیزن کی آمدنی دو ارب 90 کروڑ ریال سے بڑھ جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق جمعے کو ایک ٹویٹ میں ترکی الشیخ نے کہا کہ ریاض سیزن 2019 سے 'براہ راست اور بالواسطہ آمدنی' تین ارب 10 کروڑ ریال کے اخراجات کے درمیان چھ ارب ریال تک پہنچ گئی۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ 'اور چونکہ ہمارے عزائم بلند ہیں اور کم اخراجات کے ساتھ، ہم اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کی کوششوں سے اس سیزن میں ان اعداد و شمار سے بڑھنے کی توقع رکھتے ہیں۔'
گذشتہ برس کورونا وبا کی وجہ سے ریاض سیزن کا انعقاد نہیں ہو سکا تھا اور رواں سال اس کا آغاز 20 اکتوبر سے ہو رہا ہے۔
ریاض سیزن کا آغاز 20 اکتوبر کو ہو رہا ہے اور توقع ہے کہ یہ اگلے سال مارچ تک جاری رہے گا۔
سیزن کے دوران سات ہزار 599 سے زیادہ ایونٹس منعقد کیے جائیں گے جبکہ اس کے انعقاد کے لیے دارالحکومت ریاض کے 14 اضلاع میں 54 لاکھ مربع میٹر کا رقبہ مختص ہے۔
ریاض سیزن کے پروگرامز میں 70 عربی کنسرٹس، چھ بین الاقوامی کنسرٹس، 10 بین الاقوامی نمائشیں، 350 تھیٹر پرفارمنس، 18 عربی ڈرامے اور چھ بین الاقوامی ڈرامے شامل ہیں۔ ان کے ساتھ ایک فری ریسلنگ چیمپیئن شپ، دو بین الاقوامی میچز، 100 انٹرایکٹو سیشنز، 200 ریستوران اور 70 کیفے بھی کھلے رہیں گے۔

شیئر: