Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن 2 کا افتتاح 20 اکتوبر کو، 2500 سے زیادہ پروگرام

سیزن ٹو میں 75 ملین سے زیادہ شائقین کی شرکت متوقع ہے- (فوٹو الاخباریہ)
سعودی عرب میں محکمہ تفریحات کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے کہا ہے کہ ریاض سیزن ٹو کا افتتاح 20 اکتوبر 2021 کو ہوگا- اس میں 2500 سے زیادہ پروگرام ہوں گے-  
الاخباریہ اور سبق کے مطابق آل الشیخ نے بتایا کہ ریاض سیزن ٹو میں 75 ملین سے زیادہ شائقین کی شرکت متوقع ہے۔ 4400 لائسنس جاری ہوں گے۔ ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا اور اتنی ہی تعداد میں نوجوانوں کو روزگار کی تربیت دی جائے گی۔

ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا- (فوٹو محکمہ تفریحات ٹوئٹر)

آل الشیخ نے کہا کہ ریاض سیزن ٹو کے  پروگراموں کے نرخ مناسب ہوں گے۔ ریاض سیزن ٹو کے 14  مقامات میں سے چار ایسے ہوں گے جہاں مقامی شہری اور مقیم غیرملکی مفت آ جا سکیں گے۔ وہاں آنے جانے کی کوئی فیس نہیں ہوگی۔ 
ریاض سیزن ٹو کا مقصد ملکی اور بین الاقوامی 7500 رنگا رنگ پروگرام پیش کرنا ہے۔ گزشتہ سیزن کے مقابلے میں اس سال  دگنے پروگرام ہوں گے۔  
محکمہ تفریحات کے سربراہ نے کہا کہ ریاض سیزن ٹو کے تمام پروگراموں میں وزارت صحت کے ساتھ مکمل یکجہتی ہوگی اور اس کے مقرر کردہ تمام ضوابط پر عمل ہوگا-
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ کئی ایسے تھیٹر منعقد ہوں گے جن میں ذہین سعودی لڑکوں اور لڑکیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع حاصل ہوگا- 

پروگراموں کی فیس پڑوسی ملکوں کے مقابلے میں 30 فیصد سے کم ہوگی- (فوٹو محکمہ تفریحات ٹوئٹر)

آل الشیخ نے کہا کہ ریاض سیزن ٹو کے پروگراموں میں غنائی تقریبات کا حصہ دو فیصد سے زیادہ نہیں ہوگا جبکہ ’بولیفارڈ‘ اور ’فیا ریاض‘ سیزن ختم ہونے کے بعد بھی جاری رہیں گے- 
آل الشیخ نے کہا کہ ریاض سیزن پروگرام کے شائقین محسوس کریں گے کہ پروگراموں کی فیس پڑوسی ملکوں کے مقابلے میں  30 فیصد سے بھی کم ہوگی- 
ریاض سیزن کی تیاری میں 722 ٹھیکے داروں اور 1238 سے زیادہ انجینیئرز اور 16 ہزار سے زیادہ لیبرز نے حصہ  لیا- 950 سعودی اور بین الاقوامی فیکٹریوں سے سامان حاصل کیا گیا-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: