پاکستان ملٹری اکیڈمی میں پاکستانی، سعودی اور بحرینی کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ
پاکستان ملٹری اکیڈمی میں پاکستانی، سعودی، عراقی، آذربائیجانی اور سری لنکن کیڈٹس اور بحرینی کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد کی گئی ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سعودی عرب کی رائل فورسز کے چیف آفی جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمد بن رغد الرویلی تھے۔
پاکستانی فوج کے زیراہتمام افسران کی ابتدائی تربیت کے لیے قائم ادارے پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) میں 144ویں لونگ کورس، 63ویں انٹیگریٹڈ کورس، 33ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، تیسرے بیسک ملٹری ٹریننگ کورس اور 18ویں لیڈی کیڈٹس کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سنیچر نو اکتوبر کو منعقد کی گئی۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور امتیازی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو اعزازت سے نوازا۔
پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے سعودی رائل فورسز کے چیف آف سٹاف نے کامیابی حاصل کرنے والوں اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔
جنرل فیاض بن حمد بن رغد الرویلی نے پاکستانی فوج کی پروفیشنل کامیابیوں اور پی ایم اے میں تربیت کے معیار کو بھی سراہا۔
اعزازی شمشیر سینئر انڈر آفیسر عثمان انور، صدارتی گولڈ میڈل حمزہ نذیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل سینئر انڈر آفیسر وناسنگل اراچیگے (سری لنکا)، کمانڈنٹ میڈل ایوارڈ جونیئر انڈر آفیسر رافض عبداللہ الجنید (سعودی عرب) اور چیف آف آرمی سٹاف چھڑی انڈر آفیسر وقار محمد، کمانڈنٹ چھڑی کورس انڈر آفیسر حنا بخاری اور حور فاطمہ کو دی گئی۔