Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی سعودی عرب کے جازان ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کی مذمت

جمعے کی شام جازان ایئرپورٹ پر حوثیوں کے 2 ڈرون حملے میں 10 افراد زخمی ہو گئے تھے۔(فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان نے سعودی عرب کے جازان ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ہفتہ کو دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے شہر جازان میں کنگ عبداللہ ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حالیہ ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، جس کے نتیجہ میں بعض افراد زخمی ہوئے اور املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس طرح کے حملے نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ ان سے سعودی عرب اور خطے میں امن و سلامتی کو بھی خطرات درپیش ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب کی سالمیت اور سکیورٹی کے خلاف کسی قسم کے خطرہ میں پاکستان کی جانب سے ہر طرح کے مکمل تعاون اور حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
خیال رہے کہ جمعے کی شام جازان ایئرپورٹ پر حوثیوں کے 2 ڈرون حملے میں 10 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
سرکاری خبر رساسں ایجنسی ایس پی اے نےعرب اتحاد کے ترجمان نے بریگیڈیئر ترکی المالکی کے حوالے سے بتایا تھا کہ جازان کے کنگ عبداللہ ایئر پورٹ سے مختلف قومیتوں کے غیرملکیوں سمیت ہزاروں شہری سفر کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ’ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسافروں، شہریوں اور عملے میں سے 10 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں‘۔
بعد ازاں آج ہفتہ کو اتحادی افواج نے جازان ایئر پورٹ نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے دوسرے ڈرون کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔
 

شیئر: