سعودی عرب کی جانب سے تیونس میں نئی حکومت کا خیر مقدم
تیونس کی نئی حکومت نے پیر کو حلف اٹھایا ہے( فوٹو اے پی)
سعودی عرب نے تیونس میں نئی حکومت کی تشکیل کا خیر مقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے پیر کو بیان میں امید ظاہر کی کہ نئی حکومت خوشحالی اور ترقی کے حصول کے حوالے سے تیونس کے عوام کی خواہشات پر پورا اترے گی۔
تیونس کے وزیر اعظم نے نئی حکومت کا اعلان کیا تھا جسے گزشتہ ماہ صدر نے نامزد کیا تھا۔
نئی حکومت نے پیر کو حلف اٹھایا ہے اس میں ریکارڈ تعداد میں خواتین بھی شامل ہیں۔
مصر نے بھی نئی حکومت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسی طرح کا بیان جاری کیا ہے۔
یاد رہے کہ تیونس میں وزیراعظم کی برطرفی اور پارلیمان معطل کرنے کے گیارہ ہفتے بعد نئی حکومت تشکیل دے دی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تیونس کی نو منتخب وزیراعظم نجلا بودن نے کہا ہے کہ کرپشن سے نمٹنا حکومت کی ترجیح ہوگی، تاہم ملک کو درپیش مالی بحران کے باوجود انہوں نے معاشی اصلاحات متعارف کروانے کے حوالے سے کچھ نہیں کہا۔
خیال رہے کہ تیونس کے صدر قیس سعید نے رواں سال جولائی میں سابق وزیراعظم بشام مشیشی کو برطرف اور پارلیمان کو معطل کر دیا تھا جبکہ ناقدین نے ان کے اس اقدام کو بغاوت قرار دیا تھا۔ گزشتہ ماہ صدر قیس سعید نے نجلا بودن کو ملک کی نئی وزیراعظم کے طور پر مقرر کیا تھا۔