پاکستان سے افغان مہاجرین کو سپین لے جانے والی دوسری پرواز روانہ
منگل 12 اکتوبر 2021 19:08
پیر کو پہلی پرواز 84 افغانوں کو پاکستان سے لے کر سپین پہنچی تھی۔ فوٹو اے ایف پی
افغان مہاجرین کو پاکستان سے سپین لے جانے والی دوسری پرواز بھی منگل کو روانہ ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پرواز 160 افغانوں کو لے کر سپین کے دارلحکومت میڈرڈ کے مضافات میں واقع فوجی ایئر بیس پر جی ایم ٹی وقت کے مطابق شام سات بجے پہنچے گی۔
ذرائع کے مطابق پیر کو پہلی پرواز 84 افغانوں کو پاکستان سے لے کر سپین پہنچی تھی۔
خیال رہے کہ سپین کئی ہفتوں سے افغان شہریوں کو نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
سپین کے وزیر خارجہ ہوزے مینوویل کا ستمبر میں دورہ پاکستان اور قطر بھی افغان مہاجرین کو سپین منتقل کرنے کی کوششوں کے حوالے سے ہی تھا۔
طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد سے سپین دو ہزار سے زائد افغان شہریوں کا انخلا ممکن بنا چکا ہے، ان میں سے اکثریت سپین کے لیے کام کر چکے ہیں۔
علاوہ ازیں یورپی یونین کے سینیئر سفیر جوزیف بوریل نے تمام رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ کم از کم دس سے بیس ہزار کے درمیان افغان مہاجرین کی میزبانی کریں۔
یورپی یونین نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطالبے پر عمل کیا جا سکتا ہے کہ پانچ سال کے عرصے میں 42 ہزار 500 افغانوں کو پناہ دی جائے، تاہم حتمی فیصلہ رکن ممالک خود کریں گے۔