راہل ڈریوڈ کو انڈین کرکٹ ٹیم کا کوچ بنانے کا فیصلہ
ہفتہ 16 اکتوبر 2021 11:35
راہل ڈریوڈ نے انڈیا کی جانب سے 164 ٹیسٹ میچز اور 344 ایک روزہ میچز کھیل رکھے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہل ڈریوڈ کو انڈیا کی سینیئر ٹیم کے کوچ کی ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے سنیچر کو مقامی انڈین میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ راہل ڈریوڈ ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔
انڈین اخبار ‘ٹائمز آف انڈیا‘ نے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک عہدے دار کا نام نہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’انڈیا کے سابق 48 سالہ بلے باز کو دو سال کا کونٹریکٹ دیا جائے گا۔‘
رپورٹ کے مطابق ’راہل ڈریوڈ کی ٹیم کے سابق کھلاڑی پارس مہابرے کو ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا جائے گا۔‘
انڈین کرکٹ فینز میں ’مسٹر ڈیپینڈایبل‘ اور ’دا وال‘ کے نام سے مشہور راہل ڈریوڈ 1996 سے 2012 تک انڈین کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔
انہوں نے انڈیا کی جانب سے 164 ٹیسٹ میچز اور 344 ایک روزہ میچز کھیل رکھے ہیں۔
رائل ڈریوڈ اس وقت جنوبی شہر بینگلور میں انڈین کرکٹ اکیڈمی میں ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے اس وقت قومی کرکٹ ٹیم میں موجود کئی نوجوان کھلاڑیوں کی کوچنگ بھی کی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ’ راہل ڈریوڈ ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد اور ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ سے قبل اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔‘
انڈین کرکٹ ٹیم کے موجودہ کوچ روی شاستری نے اشاریہ دیا ہے کہ وہ ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے۔