سعودی ولی عہد کی جانب سے تین علاقوں کے لیے سٹریٹیجک دفاتر کے قیام کی منظوری
سعودی ولی عہد کی جانب سے تین علاقوں کے لیے سٹریٹیجک دفاتر کے قیام کی منظوری
اتوار 17 اکتوبر 2021 20:51
علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گاـ (فوٹو سبق)
ولی عہد مملکت اور نائب وزیراعظم اور اقتصادی ترقیاتی امور کی کونسل کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے الباحہ، الجوف اور جازان ریجبنز کی ترقی کے لیے سٹریٹیجک دفاتر کے قیام کی منظوری دے دی ہےـ
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مذکورہ تینوں ریجنز کے لیے قائم کیے جانے والے دفاتر کی جانب سے علاقوں کی جدا جدا صورتحال پرمبنی رپورٹ پیش کی جائے گی جسے سامنے رکھتے ہوئے ان علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوگاـ
ترقیاتی کاموں کے حوالے سے منصوبہ بندی کے تحت نجی شعبے کو سرمایہ کاری کے حوالے سے پرکشش ماحول فراہم کیا جائے گا جس کا بنیادی مقصد علاقے کی ترقی ہےـ
مذکورہ تینوں ریجنز میں اسٹراٹیجک دفاتر کے قیام کے اعلان کا مقصد جامع ترقی کو یقینی بنانا ہے جس سے شہریوں کو بھی فائدہ ہوگا اور علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گاـ
اسٹراٹیجک دفاتر مذکورہ علاقوں کا وسیع بنیاد پرجائزہ لینے کے بعد ان علاقوں میں دستیاب مواقع کے مطابق وہاں ترقیاتی امور کی سفارشات مرتب کی جائیں گی جسے متعلقہ حکومتی ادارے میں پیش کیا جائے گا تاکہ ترقیاتی منصوبے پر نجی سیکٹرکے تعاون سے کام کا آغاز کیا جائےـ
اس ضمن میں سعودی خبررساں ایجنسی کا مزید کہنا تھا کہ تینوں ریجنز میں ترقیاتی منصوبوں کے قیام سے وہاں کے نوجوانوں کو روزگار کے متعدد مواقع بھی میسرآئیں گے علاوہ ازیں ان علاقوں میں خدمات کے معیار کو بھی بہتر بنایا جائے گا جس سے عام شہری بھی مستفیض ہونگےـ
الباحہ ریجن اپنے منفرد محل وقوع کی وجہ سے غیر معمولی شناخت کا حامل ہے- یہاں کے گھنے جنگلات اور سرسبز وادیاں سیاحوں کے لیے بھی کشش کا باعث ہیں-
جبکہ الجوف ریجن کی تاریخ میں بھی کافی اہمیت ہے- یہاں پتھر کے دور کے آثار آج بھی پائے جاتے ہیں جبکہ مملکت کے زرعی علاقوں میں بھی اس ریجن کا شمار ہوتا ہےـ الجوف ریجن زیتون کی کاشت کے حوالے سے مشہور ہے یہاں مقامی سطح پر زیتون کی مقامی پیداوار کا حصہ 67 فیصد ہےـ
جازان ریجن کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے یہاں مملکت کی تیسری بڑی بندرگاہ ہے جو بحرالاحمر کے پھیلے ہوئے ساحلوں پرقائم کی گئی- علاوہ ازیں تفریحی جزیرہ فرسان کا دروازہ بھی اسے کہا جاتا ہےـ تاریخی اعتبار سے جازان میں ہزاروں برس قبل کے آثار قدیمہ موجود ہیں-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں