Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شوکت ترین وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے فنانس اور ریونیو مقرر

مشیر خصوصی بننے کی وجہ سے شوکت ترین بہت سارے اختیارات سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کا مشیر برائے فنانس اور ریونیو مقرر کر دیا گیا ہے۔
شوکت ترین کے پاس 16 اکتوبر تک وفاقی وزیر خزانہ کا عہدہ تھا لیکن قانون کے تحت وزیراعظم پاکستان کسی بھی شخص کو صرف چھ ماہ تک وزیر بنا سکتے ہیں، اس کے بعد متعلقہ وزیر کا قومی اسمبلی یا سینیٹ کا رکن بننا لازمی ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے سوموار کو جاری ہوئے نوٹیفکیشن کے مطابق صدر پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کے مشورے پر شوکت ترین کی تعیناتی کی ہے۔ ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔
حکومت نے شوکت ترین کو سینیٹر بنوانے کی کوشش کی تھی لیکن اس میں کامیابی نہ مل سکی جس کے بعد وہ وفاقی وزیر کے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔
مشیر خصوصی بننے کی وجہ سے شوکت ترین بہت سارے اختیارات سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک حالیہ فیصلے کی وجہ سے وہ قومی مالیاتی کمیشن سمیت اہم اجلاسوں کی صدارت نہیں کر پائیں گے اور کسی اور کو وزیر خزانہ بنانا پڑے گا۔
اس سے قبل حکومت گذشتہ تین برسوں میں چار وفاقی وزرائے خزانہ تبدیل کر چکی ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی مشیر برائے فنانس اور ریونیو اس وقت امریکہ میں ہیں جہاں وہ آئی ایم ایف سے قرض حاصل کرنے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔

شیئر: