Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف کی ملاقاتوں کے بعد باتیں بھی سامنے آنی چاہییں: شیخ رشید

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں نہ لیا گیا تو کارروائی نہیں ہوگی۔ (فوٹو: فیس بک پی ایم ایل این)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ امریکی ناظم الامور نے الگ الگ ملاقاتیں کر کے ثابت کر دیا ہے کہ ن اور ش الگ الگ مسلم لیگیں ہیں اور الیکشن سے قبل تیسری بھی وجود میں آ جائے گی۔
بدھ کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا پی ڈی ایم کے احتجاج کے حوالے سے کہنا تھا کہ اگر قانون ہاتھ میں نہیں لیا گیا تو کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔
تاہم انہوں نے خبردار بھی کیا کہ ’اگر کسی نے دنگا فساد کیا تو وہ اپنے لیے گڑھا کھودے گا۔‘
شہباز شریف کی اہم شخصیات سے ملاقاتوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملاقاتیں تو اچھی بات ہے۔
’ملاقاتوں کے بعد باتیں بھی سامنے آنی چاہییں۔‘
شیخ رشید نے امریکی ناظم الامور کی مریم نواز اور شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتوں کے حوالے سے کہا کہ ’امریکی ناظم الامور بھی جانتی ہیں یہ دو پارٹیاں ہیں اس لیے ایک ہی محلے میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔‘
شیخ رشید نے پی ڈی ایم کی جانب سے احتجاج کا آغاز راولپنڈی سے کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کے شہر کا انتخاب کیا گیا ہے۔
'راولپنڈی ایک پڑھا لکھا اور سمجھدار شہر ہے اور جانتا ہے کہ مہنگائی کی وجہ کیا ہے۔'
بقول ان کے ’مہنگائی کی وجہ عالمی سطح پر ہونے والی مہنگائی ہے۔‘
ون پیج میں دراڑ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی دراڑ نہیں۔
’فواد چوہدری اس پر بات کریں گے، یہ میری وزارت سے متعلق نہیں ہے۔‘
بلوچستان میں بننے والی سیاسی صورت حال پر سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ صوبوں پر سیاست نہیں کرتے۔
شیخ رشید نے بتایا کہ اسلام آباد کے لیے ڈرون پولیس فورس بنائی جا رہی ہے۔

شیئر: