ملکہ برطانیہ کی طبیعت ناساز، ڈاکٹروں کا آرام کا مشورہ
ملکہ برطانیہ کی طبیعت ناساز، ڈاکٹروں کا آرام کا مشورہ
بدھ 20 اکتوبر 2021 16:41
ملکہ برطانیہ گزشتہ سال مارچ میں کورونا کے باعث ونڈسر کاسل منتقل ہو گئی تھیں۔ فوٹو اے ایف پی
ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے طبی وجوہات کی بنیاد پر طے شدہ دورہ شمالی آئر لینڈ منسوخ کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 95 سالہ ملکہ برطانیہ نے آئندہ چند دنوں کے لیے آرام کرنے کا طبی مشورہ ہچکچاہٹ کے ساتھ قبول کیا ہے۔
پیلس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ برطانیہ شمالی آئر لینڈ کا دورہ نہ کر سکنے پر مایوس ہیں جہاں انہوں نے کئی طے شدہ مصروفیات میں شرکت کرنا تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملکہ برطانیہ نے شمالی آئر لینڈ کی عوام کے لیے اچھی خواہشات کا اظہار کیا ہے اور مستقبل میں آئرلینڈ کے دورے کے حوالے سے پر امید ہیں۔
خیال رہے کہ شمالی آئر لینڈ کے قیام کے ایک سو سال مکمل ہونے پر جمعرات کو سرحدی شہر میں تقریبات منعقد ہونی ہیں۔
برطانوی پریس ایسوسی ایشن کے مطابق ملکہ برطانیہ مغربی لندن میں واقع ونڈسر کاسل میں آرام کر رہی ہیں، انہوں نے یہ فیصلہ کورونا وائرس کو مدنظر رکھتے ہوئے نہیں کیا۔
علاوہ ازیں آئندہ ماہ سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلیوں پر ہونے والے سربراہی اجلاس میں بھی ملکہ برطانیہ کی شرکت متوقع ہے۔
طویل مدت تک برسرا اقتدار رہنے والی ملکہ الزبتھ دوم کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث گزشتہ سال مارچ میں ونڈسر کاسل منتقل ہو گئی تھیں۔
اگرچہ ملکہ کو کورونا وائرس کی ویکسین لگی ہوئی ہے، تاہم انفیکشن کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے پیش نظر انہیں علیحدہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
شہزادہ فلپ کی اپریل آخری رسومات ادا کرنے کے بعد ملکہ نے عوامی مصروفیات کا دوبارہ آغاز کر دیا تھا۔
منگل کو ونڈسر کاسل میں ملکہ برطانیہ نے عالمی کاروباری لیڈرز کے اعزاز میں استقبالیہ دیا تھا جبکہ دو سفیروں کا استقبال ویڈیو لنک کے ذریعے کیا تھا۔
حال ہی میں ملکہ نے ایک ایوارڈ لینے سے انکار بھی کیا ہے جو عمر رسیدہ افراد کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے نوازا گیا تھا۔
ملکہ کے نائب سیکریٹری نے اولڈی میگزین کو بتایا تھا کہ ملکہ برطانیہ کا خیال ہے کہ انسان کی عمر اتنی ہی ہوتی ہے جتنا کہ وہ محسوس کرتا ہے۔
خیال رہے کہ منگل کو ہونے والی ایک تقریب میں ملکہ کو پہلی مرتبہ چھڑی کے سہارے چلتے ہوئے دیکھا گیا تھا تاہم شاہی عہدیداروں نے واضح کیا تھا کہ چھڑی کا استعمال صحتی وجوہات کی بنیاد پر نہیں کیا۔