Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے ویزے کے لیے فنگر پرنٹس اور آئی سکیننگ سمارٹ فونز کے ذریعے

ویزہ حاصل کرنے والوں کو کافی آسانی ہوگی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی معاون وزیرداخلہ برائے تکنیکی امور شہزادہ بندر بن عبداللہ نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ نئی ڈیجیٹل سروسز کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے تحت مائیکرو چیپ والے سعودی پاسپورٹ بنائے جائیں گے۔
نئے سعودی پاسپورٹس میں لگی چپ میں پاسپورٹ ہولڈر کا مکمل ڈیٹا فیڈ ہوگا جسے ایئرپورٹ پر موجود الیکٹرانک سکرینز کے ذریعے ریڈ کیا جاسکے گاـ 
العربیہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہزادہ بندر بن عبداللہ نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ کی خدمات کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ اس ضمن میں سعودی عرب کے ویزے کے لیے فنگر پرنٹس، آئی سکیننگ اور چہرے کی شناخت کا عمل سمارٹ فونز کے ذریعے کیے جانے کی سہولت کا آغاز کیا گیا ہے۔
سمارٹ فونز کے ذریعے درخواست گزار کا ڈیٹا جمع کرنے کی سہولت سے ویزہ حاصل کرنے والوں کو کافی آسانی ہوگی اور وہ اپنے گھروں یا دفاتر میں بیٹھے بیٹھے سمارٹ فون کے ذریعے اپنے فنگر پرنٹس یا چہرے کی شناخت اپ لوڈ کرسکتے ہیں جبکہ اس سے قبل درخواست گزار کو مقررہ دفتر میں جا کرڈیٹا فیڈ کرانا ہوتا تھا۔ 
واضح رہے کہ ابتدائی طور پر یہ سروس چند ممالک کے لیے تجرباتی بنیادوں پرجاری کی گئی ہے بعد ازاں مرحلہ وار تمام ممالک کے لیے شروع کی جائے گی۔
سمارٹ فونز پرڈیٹا کی فیڈنگ کا سلسلہ تمام اقسام کے ویزوں کے لیے ہوگا جن میں عمرہ ، حج ، وزٹ یا ورک ویزے شامل ہیں۔

شیئر: