عین دبئی کے افتتاح پر ڈرون شو اور رنگارنگ تقریبات
جمعرات 21 اکتوبر 2021 16:56
22 اور23 اکتوبر کو تقریبات کا باقاعدہ آغاز دوستانہ سرگرمیوں سے ہوگا۔ (فوٹو عرب نیوز)
عین دبئی (دبئی کی آنکھ) دنیا کا سب سے اونچا اور سب سے بڑا پہیہ نما جھولا ہے جس کا افتتاح دبئی میں دنیا بھر سے آئے سیاحوں کے لیے اس ویک اینڈ پر ہو رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عین دبئی کی لانچنگ کی خوشیاں منانے کے لیےمنتظمین نے دیگر مفت سرگرمیوں کے شیڈول کا بھی انتظام کیا ہے، یہ سرگرمیاں پلازہ کے بیرونی حصوں میں ترتیب دی گئی ہیں۔

22 اور 23 اکتوبر کو تقریبات کا باقاعدہ آغاز دوستانہ سرگرمیوں سے ہوگا جس میں 12 فوڈ سٹیشن دن 2 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔
شام ساڑھے پانچ بجے متحدہ عرب امارات میں مقیم ڈی جے ڈینی نیویل ایک گھنٹہ تک غروب آفتاب پر مبنی موسیقی چھیڑیں گے۔
عین دبئی کا سرکاری جشن جمعرات کی شب ساڑھے آٹھ بجے افتتاحی روشنیوں اور ڈرون شو کے ساتھ شروع ہوگا۔

جمعہ کو لائٹ شوز وہیل پر شام ساڑھے چھ ، ساڑھے سات، ساڑھے آٹھ اور ساڑھے 9 بجے پیش کیے جائیں گے۔
پلازہ فلیش انٹرٹینمنٹ اور ورجن ریڈیو دبئی کے ریجنل آرٹسٹ سپاٹ لائٹ (آر اے ایس)کے اقدام سے رات ساڑھے دس بجے تک چھ فنکاروں بشمول موہ فلو، شیبانی، فریک، مشیل، مولہم اور موگلیٹا کی میزبانی کرے گا۔

افتتاحی تقریب کے دوران پلازہ میں داخلہ مفت ہے تاہم یہاں پہنچنے والوں کو عین وہیل(جھولے) پر سواری کا لطف حاصل کرنے کے لیے عین دبئی کی ویب سائٹ سے ٹکٹ خریدنا ہو گا۔
عین دبئی (دبئی کی آنکھ) جھولے کی اونچائی 250 میٹر ہے جب کہ یہ جھولا اپنے سواروں کو شہر اور اس کے ساحل کا 360 ڈگری منظر بھی پیش کرتاہے۔

اس پہیے نما جھولے میں بیٹھنے کے لیے48 کیبن بنائے گئے ہیں جنہیں کیپسول کا نام دیا گیا ہے۔
عین دبئی ایک ساتھ 1750سے زیادہ افراد کو جھولا جھلا سکتا ہے۔ 30 مربع میٹر کے ہر کیپسول میں ایک درجن تک مہمانوں کی گنجائش ہے۔
فوٹوز؛ بشکریہ ٹوئٹر