مادام تساؤ میوزیم کا دبئی میں عنقریب افتتاح
جمعرات 16 ستمبر 2021 16:27
عجائب گھر میں60 مشہور شخصیات کے مجسمے توجہ کا مرکز ہوں گے۔ (فوٹو عرب نیوز)
میڈم تساؤ نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ دبئی میں بنائے جانے والے میوزیم کے افتتاح کے لیے انتہائی متوقع تاریخ 14 اکتوبر ہوگی۔
عرب نیوز کے مطابق مشہور زمانہ مومی مجسموں کا عجائب گھر خلیج کے علاقے میں پہلا ہوگا جب کہ عالمی سطح پر یہ 25واں میوزیم ہو گا۔
اس عجائب گھر میں دنیا بھر کی 60 مشہور شخصیات کے مجسمے نمایاں توجہ کا مرکز ہوں گے۔ مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والی 16 نئی شخصیات کے مجسمے ہوں گے جن میں اماراتی یمنی گلوکار بلقیس فتحی اور موسیقی سے تعلق رکھنے والے فلسطینی فنکار محمد آصف کے مجسمے شامل ہیں۔
ان مجسموں کی فہرست میں مختلف کھیلوں کے ہیرو بھی ہیں جیسا کہ آئرش باکسر کونر میک گریگر، تاریخی شخصیت ملکہ الزبتھ دوم ، برطانوی کیٹ واک سٹار کارا ڈیلیونگنے کے علاوہ انڈین سپر سٹار اداکارہ کرینہ کپور اور بہت سی دیگر شخصیات شامل ہیں۔
مختلف خوبصورت ڈیزائنوں سے مزین مومی مجسموں کے سات کمروں پر مشتمل دیگرعالمی ستاروں سے بھرا یہ میوزیم بلیو واٹرآئس لینڈ پر دبئی کے فیرس وہیل (بڑے گول جھولے) کے قریب عین دبئی میں ہفتہ بھر مہمانوں کے استقبال کے لیے کھلا رہے گا۔