مسجد الحرام میں مزید 10 ہزار چھتریوں کی تقسیم
جمعہ 22 اکتوبر 2021 19:24
چھتریوں کی تقسیم کا مقصد زائرین حرم کو دھوپ کی شدت سے بچانا ہے (فوٹو حرمین ٹوئٹر)
حرمین شریفین انتظامیہ نے جمعے کو عمرہ زائرین، نمازیوں اور مسجد الحرام کے اہلکاروں میں 10 ہزار چھتریاں تقسیم کی ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی برائے مسجد الحرام و مسجد نبوی نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ ’آپ کی چھتری آپ کے ہاتھ میں‘ کے عنوان سے چھتریوں کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔
حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی کے بیان کے مطابق ’ چھتریوں کی تقسیم کا کام وژن 2030 کے تحت انجام دیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے اہلکار انتہائی ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں‘-
حرمین شریفین میں کمیٹی کے چیئرمین جنادی بن علی مدخلی نےبتایا کہ ’چھتریوں کی تقسیم کا مقصد زائرین حرم کو دھوپ کی شدت اور تکلیف سے بچانا ہے تاکہ وہ راحت و اطمینان کے ساتھ عبادت کرسکیں‘-
انہوں نے کہا کہ ’ جمعے کو عمرہ زائرین، نمازیوں، صحت عملے، سیکیورٹی اہلکاروں و رضاکاروں میں چھتیریاں تقسیم کی گئی ہیں‘۔
جنادی علی مدخلی نے کہا کہ ’حرمین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس و دیگر حکام کی ہدایت ہے کہ حرمین شریفین آنے والے زائرین کی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے انہیں بہترین خدمات فراہم کی جائیں‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں