Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بہت مضبوط ٹیم ہے، کھلاڑی گیم کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں: وراٹ کوہلی

انڈیا نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ان تک ہونے والے 12 میچز میں پاکستان کو شکست دی
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے پاکستان کے ساتھ ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ سے ایک دن پہلے کہا ہے کہ انہیں پاکستان جیسی ’بہت مضبوط‘ ٹیم کا سامنا ہے۔
انڈیا نے ٹی 20 اور ایک روزہ ورلڈ کپ میں اب تک ہونے والے 12 میچز میں پاکستان کو شکست دی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجسنی اے ایف پی کے مطابق وراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ یہ اہم نہیں ہے کہ ماضی میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے مقابلے کیسے تھے۔
انڈین کپتان نے کہا کہ ’ہم نے کبھی اپنے ریکارڈ اور ماضی کی پرفارمنس کی بات نہیں کی۔ یہ چیزیں ہماری توجہ ہٹاتی ہیں۔ اہم یہ ہے کہ ہم اس میچ کے لیے کتنے تیار ہیں اور کیا کارکردگی دکھاتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں انڈیا کی برتری کے باوجود پاکستان میں ٹیلینٹڈ کھلاڑیوں کی نہ اب کمی ہے اور نہ پہلے رہی ہے۔‘
’میرے خیال میں پاکستان ایک بہت مضبوط ٹیم ہے۔ آپ کو ان کے خلاف بہترین پرفارمنس دینی ہوتی ہے، کیونکہ ان کے پاس بہت سے ٹیلینٹڈ کھلاڑی ہیں جو گیم کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔‘
دوسری جانب پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ ’ہم نے اس میچ کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور لڑکوں نے ٹریننگ سیشنز میں محنت کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم بہتر کھیل پیش کریں گے۔‘  
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں بابراعظم نے کہا کہ ’ہمیں جو بہترین کمبینیشن لگا ہے ہم نے ایک دن پہلے ہی اس کا اعلان کر دیا ہے۔‘
پاکستان اور انڈیا کے ورلڈ کپ مقابلوں میں ریکارڈ کے حوالے سے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ’ریکارڈ ہمیشہ ٹوٹنے کے لیے بنتے ہیں۔ ہم کوشش کریں گے ہم اچھی کرکٹ کھیلیں۔ دونوں ملکوں کے فینز اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتی ہے، ہمارا کام ہے کہ بہترین کرکٹ کھیلیں۔‘  
انہوں نے کہا کہ ’بڑے ایونٹ میں ہر میچ میں پریشر ہوتا ہے، لیکن میری لیے خوش آئند بات یہ ہے کہ کھلاڑی کسی بھی ٹیم کے خلاف ریلیکس نہیں ہوتے، بلے بازی کے وقت میں ہمیشہ اپنے پلانز کے مطابق بیٹنگ کرتا ہوں اور ساری توجہ اپنی بیٹنگ پر ہوتی ہے۔ ‘

شیئر: