’پاکستان اور انڈیا ٹی20 ورلڈکپ کا سیمی فائنل کھیلیں گے‘
جمعہ 22 اکتوبر 2021 16:48
24 اکتوبرکو روایتی حریف پاکستان اور انڈیا دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 24 اکتوبر سے ہورہا ہے اور پہلے ہی دن دو روایتی حریف پاکستان اور انڈیا دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گے۔
ٹی20 ورلڈکپ کا ابھی آغاز ہی ہوا ہے لیکن کرکٹ پنڈتوں نے ابھی سے ہی سیمی فائنل لائن اپ کے حوالے سے پیش گوئیاں شروع کردی ہیں۔
آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اور لیگ سپنر بریڈ ہوگ کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی دو ٹیمیں پاکستان اور انڈیا ہوں گی۔
ایک یوٹیوب انٹرویو میں ان سے سوال پوچھا گیا کہ وہ کونسی چار ٹیمیں ہوں گی جو ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنلز تک رسائی حاصل کرسکتی ہیں؟
اس سوال کے جواب میں بریڈ ہوگ کا کہنا تھا کہ ’گروپ ون سے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز جب کہ گروپ ٹو سے میرے خیال میں پاکستان اور انڈیا۔‘
اس کے ساتھ سابق لیگ سپنر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اگر پاکستان افتتاحی میچ میں انڈیا سے ہار جاتا ہے اور اس کے بعد ان کا اگلا میچ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔‘
’میرے خیال میں اگر پاکستان پہلا میچ انڈیا سے ہارجاتا ہے تو میرا نہیں خیال کہ وہ ورلڈکپ اگلے مرحلے میں جائیں گے۔‘
پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دبئی میں شام 7 بجے شروع ہوگا۔