پاکستان نے پہلی بار ورلڈ کپ میچ میں انڈیا کو شکست دے دی
پاکستان نے پہلی بار ورلڈ کپ میچ میں انڈیا کو شکست دے دی
اتوار 24 اکتوبر 2021 16:34
ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ پاکستان نے انڈیا کو دس وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان نے میچ جیتنے کے لیے 152 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور ناٹ آوٹ رہے۔
کپتان بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 68 رنز بنائے جبکہ دوسرے اینڈ پر محمد رضوان نے 41 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کرنے کے بعد 55 گیندوں پر 78 رنز سکور کیے۔
رضوان نے چھ چوکے اور تین چھکے لگائے جبکہ بابر نے چھ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ شاہین شاہ آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
جیت کے بعد بابر اعظم نے کہا کہ پلان کے مطابق کھیلے اور بولرز نے بہت اچھا پرفارم کیا۔ ’ہم نے اوپننگ کو اختتام تک لے جانے کی کوشش کی اور اس میں کامیاب رہے۔‘
انڈین کپتان وراٹ کوہلی نے شکست پر کہا کہ ’پاکستان نے ہمیں آؤٹ کلاس کیا، ابتدا میں اچھی بولنگ کی وجہ سے ہمارے بلے باز اچھا کھیل پیش نہ کر سکے۔‘
قبل ازیں متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے میدان میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
انڈیا کی جانب سے کے ایل راہل اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں روہت شرما کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ شاہین نے اپنے دوسرے اوور میں راہل کو کلین بولڈ کیا۔ تیسری وکٹ حسن علی نے سوریا کمار کو آؤٹ کر کے حاصل کی۔
رشبھ آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے، جن کا کیچ شادات نے اپنی ہی گیند پر پکڑا۔ رشبھ پنت نے 30 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔ پانچویں وکٹ جدیجہ کی گری جنہوں نے 13 گیندوں پر 13 رنز سکور کیے۔ وہ حسن علی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی انڈین کپتان وراٹ کوہلی تھے جنہوں نے 57 رنز سکور کے۔ ان کا کیچ وکٹ کیپر محمد رضوان نے لیا۔ ہردک پانڈیا آؤٹ ہونے والے ساتویں انڈین بلے باز تھے۔ انہوں نے 11 رنز بنائے اور حارث رؤف کا شکار بنے۔
شاداب خان نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
شاہین آفریدی نے چار اوورز میں 31 رنز دیے اور تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حسن علی کے چار اوورز میں 44 رنز بنے، ان کو ایک وکٹ ملی۔
پاکستان اور انڈیا میں کروڑوں کرکٹ شائقین اپنی ٹی وی سکرینز پر اس میچ کو براہ راست دیکھ رہے ہیں۔
انڈیا کی ٹیم میں کے ایل راہول، روہت شرما، وراٹ کوہلی، سوریا کمار یادیو، رشبھ پنت، ہردک پانڈیا، روندرا جدیجہ، بھونشور کمار، ورن چکرورتی، محمد شامی اور جسپریت بھمرا شامل تھے۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ میں پانچ مرتبہ مدمقابل آئیں اور ہر مرتبہ کامیابی انڈیا کے نام رہی۔
پاکستان انڈیا میچز کے کچھ یادگار لمحے
کرکٹ کی دو بڑی حریف ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچز کا جائزہ لیا جائے تو اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان محدود اوورز کے چھ یادگار مقابلے ہو چکے ہیں۔
پاکستانی بیٹسمین جاوید میانداد کا 1986 میں شارجہ میں آخری گیند پر چھکا آج بھی لوگوں کو یاد ہے جو انڈین کرکٹ فینز کے لیے انتہائی مایوسی کا باعث بنا تھا۔
جاوید میانداد نے آخری اوور میں چھکا مار کر انتہائی ڈرامائی انداز میں انڈیا کے خلاف میچ پاکستان کے نام کر لیا تھا۔
جاوید میانداد ایسے موقع پر میدان میں داخل ہوئے جب پاکستان کو جیتنے کے لیے 246 رنز درکار تھے۔ اس وقت 61 رنز پر پاکستان کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ میانداد نے 114 گیندوں پر 116 رنز بنا کر یادگار اننگز کھیلی تھی۔
پاکستان کو آخری گیند پر چار رنز درکار تھے۔ شائقین میں انتہائی بے چینی تھی، صرف ایک شاٹ پر دونوں ٹیموں کی ہار یا جیت کا فیصلہ ہونا تھا۔
انڈین فاسٹ بولر چیتن شرما نے آخری بال کرائی جس پر جاوید میانداد نے اس انداز سے شاٹ لگائی کہ گیند سٹیدیم میں موجود شائقین میں جا کر گری جس کے ساتھ ہی پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
سچن تندولکر انڈیا کے لیے بہت سے میچز جیت چکے ہیں لیکن 2003 میں پاکستان کے خلاف ون ڈے ورلڈ کپ یقیناً یادگار تھا۔ انڈیا کو 274 رنز درکار تھے جب سچن تندولکر پاکستانی فاسٹ بولرز وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کے سامنے ڈٹ گئے تھے اور 98 رنز کی یاد گار اننگز کھیل کر انڈیا کو فتح دلائی تھی۔
دونوں حریف ٹیموں کے درمیان پہلے ٹی 20 ورلڈ کپ کا ایک میچ ٹائی بھی ہوگیا تھا جس کا فیصلہ اس وقت کے قانون کے مطابق بال آؤٹ پر ہوا۔ انڈیا نے یہ میچ بال آؤٹ پر جیت لیا تھا۔ بعد ازاں بال آؤٹ کی جگہ سپر اوور کا قانون متعارف کرایا گیا۔