وزیراعظم عمران خان عمرے کی ادائیگی کے بعد جدہ سے ریاض پہنچ گئے
اتوار 24 اکتوبر 2021 17:13
وزیراعظم عمران خان عمرے کی ادائیگی کے بعد اتوار کی شام جدہ سے ریاض پہنچ گئے۔
ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبد العزیز نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم عمران خان پیر سے شروع ہونے والی مشرق وسطی گرین انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر مکہ مکرمہ کے قائم مقام گورنر شہزادہ بدر بن سلطان بن عبدالعزیز، جدہ کے میئر صالح الترکی، مکہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل میجر صالح الجابری نے انہیں الوداع کیا۔
اس موقع پر کنگ عبدالعزیز ایئر پورٹ کے ڈائریکٹرعصام نور اور رائل پروٹوکول آفس کے ڈائریکٹر احمد بن ظافر بھی موجود تھے۔
قبل ازیں سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر موجود وزیراعظم عمران خان نے اپنی اہلیہ اور وفد کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کی۔
سنیچر کو وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر تین روزہ دورے پر مدینہ پہنچے تھے۔
وزیراعظم جب جہاز سے باہر آئے تو وہ جوتوں کے بغیر ننگے پاؤں تھے۔ انہوں نے مدینہ میں روضہ رسول پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے۔
مدینہ میں روضہ رسول پر حاضری کے بعد وزیر اعظم عمران خان وفد کے ہمراہ جدہ پہنچے جہاں مکہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
مکہ پہنچنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔
وزیراعظم کے وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر توانائی حماد اظہر اور معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم شامل ہیں۔
پاکستان کے وزرات خارجہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم 23 اکتوبر سے 25 اکتوبر کے دورے کے دوران ریاض میں ہونے والی ’مڈل ایسٹ گرین اینی شیئٹیو‘ سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
سربراہی کانفرنس کے دوران وزیراعظم ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چینلجز پر اپنا نکتہ نظر بیان کریں گے۔ وزیراعظم اس موقع پر ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قدرتی طریقوں پر مبنی پاکستانی تجربات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
ایم جی آئی سربراہی کانفرنس سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی ایما پر منعقد کی جا رہی ہے۔ یہ مشرق وسطی میں اپنی نوعیت کی پہلی ایسی کانفرنس ہے۔
یاد رہے کہ اس سال مارچ میں سعودی ولی عہد نے گرین سعودی عرب اور گرین مڈل ایسٹ کے نام سے منصوبے شروع کیے تھے۔ ان کا مقصد کرہ ارض اور قدرتی حیات کا تحفظ ہے۔