Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان کی مکہ آمد، وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا

سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر موجود وزیراعظم عمران خان نے اپنی اہلیہ اور وفد کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کی۔
سنیچر کو وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔ 
مدینہ پہنچنے پر مدینہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالد الفیصل نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ 
 وزیراعظم جب جہاز سے باہر آئے تو وہ جوتوں کے بغیر ننگے پاؤں تھے۔ انہوں نے مدینہ میں روضہ رسول پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے۔
مزید پڑھیں
مدینہ میں روضہ رسول پر حاضری کے بعد وزیر اعظم عمران خان وفد کے ہمراہ جدہ پہنچے جہاں مکہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان السعود نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
مکہ پہنچنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔
وزیراعظم کے وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر توانائی حماد اظہر اور معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم شامل ہیں۔

قبل ازیں پاکستان کے وزرات خارجہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم 23 اکتوبر سے 25 اکتوبر کے دورے کے دوران ریاض میں ہونے والی ’مڈل ایسٹ گرین اینی شیئٹیو‘ سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
سربراہی کانفرنس کے دوران وزیراعظم ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چینلجز پر اپنا نکتہ نظر بیان کریں گے۔ وزیراعظم اس موقع پر ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قدرتی طریقوں پر مبنی  پاکستانی تجربات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔

وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ مدینہ پہنچے جہاں انہوں نے روضہ رسول پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے۔ (فوٹو: عمران خان فیس بک)

ایم جی آئی سربراہی کانفرنس سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی ایما پر منعقد کی جا رہی ہے۔ یہ مشرق وسطی میں اپنی نوعیت کی پہلی ایسی کانفرنس ہے۔
یاد رہے کہ اس سال مارچ میں سعودی ولی عہد نے گرین سعودی عرب اور گرین مڈل ایسٹ کے نام سے منصوبے شروع کیے تھے۔ ان کا مقصد کرہ ارض اور قدرتی حیات کا تحفظ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ایسے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے پیش کش کی تھی کہ اس سلسلے میں پاکستان کلین اینڈ گرین پاکستان اور ٹین بلین ٹری سونامی جیسے منصوبوں کا تجربہ بھی شیئر کر سکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان تین روزہ دورے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ 

وزرات خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم سعودی عرب کی قیادت سے دوطرفہ معاملات پر بھی بات چیت کریں گے جس میں تجارتی اور معاشی تعلقات کو بڑھانے، پاکستانی افرادی قوت کے لیے مزید مواقع کی فراہمی اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی بہبود کے معاملات زیر غور آئیں گے۔
دونوں اطراف کی قیادت علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بھی بات چیت کریں گے۔
وزیراعظم اس دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے اور سعودی عرب اور مملکت میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
 

شیئر: